متعلقہ ذمہ داران زیر تکمیل منصوبوں کو بروقت مکمل کرنے کے عمل کو یقینی بنائیں‘راجہ راشد حفیظ

شرح خواندگی کے سو فیصد حصول کیلئے مقرر کئے گئے ٹارگٹ کے حصول کیلئے پوری محنت ، خلوص ، ایمانداری اور تندہی سے کام کریں‘صوبائی وزیر خواندگی

جمعرات 3 دسمبر 2020 14:42

متعلقہ ذمہ داران زیر تکمیل منصوبوں کو بروقت مکمل کرنے کے عمل کو یقینی ..
راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 دسمبر2020ء) صوبائی وزیر خواندگی و غیر رسمی بنیادی تعلیم راجہ راشد حفیظ نے محکمہ لٹریسی کے زیر انتظام خواندگی کے فروغ اور تعلیم بالغاں کیلئے شروع کئے جانے والے نئے زیر تکمیل منصوبوںپر کام کی رفتار اور تکمیل شدہ منصوبوں کی شرح خواندگی بڑھانے میں کارکردگی کا جائزہ لیا ․ محکمہ لٹریسی کے صوبائی ،ڈویژنل اور ضلعی افسران نے بڑی تعداد میں صوبائی وزیر کو تفصیلی بریفنگ دی ․ را جہ راشد حفیظ نے تکمیل شدہ منصوبوں کی نتیجہ خیزی پر اطمینان کا اظہار کیا اور متعلقہ ذمہ داران کو ہدایت کی کہ وہ زیر تکمیل منصوبوں کو بروقت مکمل کرنے کے عمل کو یقینی بنائیں اور ان منصوبوں کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے ․ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت نے پنجاب کو پہلی لٹریسی پالیسی دے کر شرح خواندگی کو بڑھانے کے حوالے سے اپنے خلوص و عمل کا ثبوت دے دیا ہے ․ انہوں نے کہا کہ اس سے قبل قومی وسائل خرچ ہونے کے باوجود لٹریسی کو خاموش موڈ پر چلایا گیا مگر ہماری حکومت نے متعدد انقلابی اور عملی اقدامات اٹھا کر اسے ایکٹو موڈ پر چلا دیا ہے ․ راجہ راشد حفیظ نے جیلوں میں بنائے گئے لٹریسی مراکز کی کارکردگی پر خاص طور پر بات کی اور کہا کہ پنجاب کی جیلوں کو اصلاح خانوں میں تبدیل کرنے کا یہ عمل انتہائی دور رس نتائج کا حامل ہے ․ ہم نہ صرف ناخواندہ قیدیوں کو لکھنا پڑھنا سکھانے پر توجہ دے رہے ہیں بلکہ اس تدریسی عمل کے دوران انہیں اخلاق حسنہ کی تعلیم دے کر ان کی اصلاح بھی کی جا رہی ہے ․ اسی طرح حکومت پنجاب نے صوبے بھر میں خواجہ سرائوں کو علم کے نور سے آراستہ کرنے کے بھی عملی اقدامات کئے ہیں ․ انہوں نے کہا کہ غیر رسمی بنیادی تعلیمی اداروں کو زیادہ بہتر نتائج دینے کا حامل بنانے کیلئے جو کام کئے گئے ان میں طلبہ کو مشاہداتی علوم دینے کیلئے تفریحی و مطالعاتی دوروں کا اجراء اور کھیلوں کی سہولیات دینے کے فیصلے بھی شامل ہیں ․ صوبائی وزیر کو اس موقع پر مختلف اضلاع میں فعال بنائے گئے لٹریسی مراکز میں بچوں کے داخلے ، ان کی پڑھائی اور نتائج کی تفصیلات سے آگاہ کیا گیا ․ راجہ راشد حفیظ نے افسران سے کہا کہ وہ ایک تسلسل کے ساتھ بہتر سے بہتری اور بہترین کی جانب سفر جاری رکھیں اور شرح خواندگی کے سو فیصد حصول کیلئے مقرر کئے گئے ٹارگٹ کے حصول کیلئے پوری محنت ، خلوص ، ایمانداری اور تندہی سے کام کریں -

متعلقہ عنوان :