اسحاق ڈار کیلئے نئی مشکل ، نیب نے انکوائری کی منظوری دے دی

چیئرمین نیب نے سابق وزیراعلی گلگت بلتستان مہدی شاہ کے خلاف انکوائریوں کی بھی منظوری دے دی

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 3 دسمبر 2020 14:41

اسحاق ڈار کیلئے نئی مشکل ، نیب نے انکوائری کی منظوری دے دی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 03 دسمبر2020ء) قومی احساب بیورو کی طرف سے سابق وزیرخزانہ اسحاق ڈاراورسابق وزیراعلی گلگت بلتستان مہدی شاہ کے خلاف انکوائریوں کی منظوری دے دی۔ تفصیلات کے مطابق ایگزیکٹوبورڈ نیب کا اجلاس چئیرمین جسٹس جاوید اقبال کی زیرصدارت ہوا ، جس میں ڈپٹی چئیرمین نیب ، پراسیکیوٹر جنرل اکاؤ نٹبلٹی نیب ، ڈی جی آپریشن نیب ، ڈی جی نیب راولپنڈی اوردیگرسینئرافسران نے شرکت کی۔

بتایا گیا ہے کہ اجلاس میں مجموعی طور پر 7 انکوائریز کی منظوری دی گئی ، جن میں مسلم لیگ ن کے رہنما سابق وزیر خزانہ اسحق ڈار ، سابق وزیراعلیٰ گلگت بلتستان سید مہدی شاہ ، چیف ایگزیکٹیو آفیسر زرعی ترقیاتی بینک سید طلعت محمود اور دیگر شامل ہیں۔ اجلاس سے خطاب میں چئیرمین نیب نے کہا کہ احتساب سب کیلئے کی پالیسی پرسختی سے عمل پیرا ہیں ، ملک سے بدعنوانی کا خاتمہ اورکرپشن فری پاکستان نیب کی اولین ترجیح ہے ، اسی لیے نیب نے احتساب سب کیلئے کی پالیسی کے تحت 466 ارب روپے بلواسطہ اور بلا واسطہ طور پر بدعنوان عناصر سے برآمد کرکے قومی خزانے میں جمع کروائے ، نیب کی کارکردگی کو معتبر قومی اور بین الا قوامی اداروں نے سراہا ہے جو نیب کیلئے اعزازکی بات ہے۔

(جاری ہے)

دوسری طرف سابق وزیر خزانہ و لیگی رہنما اسحاق ڈار کی جانب سے پاکستان میں صرف ایک جائیداد ہونے کے دعوے کے بعد وزیراعظم کے مشیر داخلہ نے ان کی تمام جائیدادوں کی تفصیلات جاری کردی ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق مشیر برائے داخلہ و احتساب مرزا شہزاد اکبر نے سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی اسلام آباد، لاہور اور دبئی میں جائیدادوں کے ثبوت فراہم کردیے ہیں ۔

وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے داخلہ و احتساب مرزا شہزاد اکبر سابق وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی اسلام آباد، لاہور اور دبئی میں جائیدادوں کی تفصیلات سامنے لے آئے۔ پریس کانفرنس میں کہا کہ گلبرگ لاہور میں ہاؤس نمبر 7 اسحاق ڈار کی ملکیت ہے جو بحق سرکار ضبط ہے جبکہ ڈی ایچ اے فیز 4 میں گھر ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اسحاق ڈار کی اسلام آباد بلیوورڈ میں 6 ایکڑ زمین ہے، موضع بھگتیاں میں 2 کنال 18 مرلہ کا گھر بھی اسحاق ڈار کی ملکیت ہے، الفلاح ہاؤسنگ سوسائٹی لاہور میں اسحاق ڈار کے 3 پلاٹ ہیں جبکہ پارلیمنٹرین انکلیو اسلام آباد میں 2 کنال کا پلاٹ ہے۔