سعودی عرب میں ٹریفک خلاف ورزی کرنے والے اب نہیں بچ پائیں گے

جدہ، ریاض اور دمام کے بعد متعدد شہروں میں لین کی خلاف ورزی پکڑنے والا جدید سسٹم نصب ہو گیا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 3 دسمبر 2020 15:01

سعودی عرب میں ٹریفک خلاف ورزی کرنے والے اب نہیں بچ پائیں گے
جدہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔3 دسمبر2020ء) سعودی عرب میں ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل کروایا جاتا ہے، کئی ٹریفک خلاف ورزیاں ایسی ہیں جن پر عائد ہونے والا جرمانہ پاکستانیوں کی ایک ماہ کی تنخواہ سے بھی زائد ہوتا ہے، اسی وجہ سے مملکت میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کی شرح میں کمی آ گئی ہے۔سعودی محکمہ ٹریفک نے ایک اور بڑی خلاف ورزی ریکارڈ کرنے کے لیے شاہراہوں پر نئی ٹیکنالوجی نصب کر دی ہے جو آٹومیٹک طریقے سے لین کی خلاف ورزی نوٹ کر یں گی۔

سعودی حکومت کی جانب سے خبردار کر دیا گیا ہے کہ جدہ ، ریاض اور دمام کے بعد اب مزید شہروں میں لین کی پابندی کی خلاف ورزی کرنے والا آٹومیٹک سسٹم نصب کر دیا گیا ہے، جس کے باعث ان ہزاروں ڈرائیورز کی نشاندہی ہو سکے گی جو لین کی پابندی نہیں کرتے اور بغیر انڈیکیٹر دیئے دوسری لین میں گاڑی لے جاتے ہیں، جس سے خطرناک حادثات رونما ہوتے ہیں ۔

(جاری ہے)

اس نوعیت کے حادثات اور ٹریفک خلاف ورزیوں کی نشاندہی کے لیے آٹو میٹک سسٹم اب جازان، طائف، باحہ اور الجوف کی اہم شاہراہوں پر بھی نصب کر دیا گیا ہے۔

جو اگلے سات روز کے اندر لین کی پابندی سے متعلق خلاف ورزیاں ریکارڈ کرنی شروع کر دے گا۔یہ آٹو میٹک سسٹم سمارٹ کیمروں کی مدد سے کام کرتا ہے، جسے کئی شہروں میں تجرباتی مراحل سے گزارنے کے بعد اس کی منظوری دی گئی ہے۔ محکمہ ٹریفک کا کہنا ہے کہ نئے سسٹم کی بدولت لین کی خلاف ورزی پر ٹریفک کنٹرول روم کو فوری طور پر آگاہ کیا جائے گا۔ جس کے بعد خلاف ورزی میں ملوث ڈرائیورز پر 300ریال سے 500 ریال تک کا جرمانہ عائد ہوگا۔

محکمہ ٹریفک کی جانب سے انتباہی پیغام میں کہا گیا ہے کہ شاہراہوں پر لین کی خلاف ورزی حادثات کو جنم دیتی ہے۔ اس لیے تمام ڈرائیورز اور مسافروں کی زندگی کے تحفظ کے لیے لین کی پابندی انتہائی ضروری ہے۔ ڈرائیورز کو چاہیے کہ وہ لین تبدیل کرنے سے پہلے انڈیکیٹر لازمی دے اور اس بات کا اطمینان کر لے کہ جس لین پر وہ گاڑی کو منتقل کر رہا ہے، اس پر پیچھے سے آنے والی گاڑی قریب نہیں پہنچ گئی ہے تاکہ تصادم کی نوبت پیش نہ آئے۔