مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو کوٹ لکھپت جیل پہنچا دیا گیا

جوڈیشل پولیس شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو کوٹ لکھپت جیل لے کر آئی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 3 دسمبر 2020 15:54

مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو کوٹ لکھپت جیل پہنچا دیا ..
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 03 دسمبر 2020ء) : مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے حمزہ شہباز کو کوٹ لکھپت جیل پہنچا دیا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق پیرول پر رہائی کی مدت ختم ہونے پر شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو کوٹ لکھپت جیل پہنچایا گیا۔ جوڈیشل پولیس دونوں رہنماؤں کو لے کر کوٹ لکھپت جیل پہنچی۔ یاد رہے کہ پنجاب حکومت کی جانب سے شریف برادران کی والدہ بیگم شمیم اختر کے انتقال پر کوٹ لکھپت جیل میں قید مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے حمزہ شہباز کو 27 نومبر سے پانچ روز کے لئے پیرول پر رہائی دی گئی تھی۔

پنجاب حکومت نے پاکستان پریزن رولز 1978ء کے سیکشن 545 بی کے تحت اپوزیشن رہنماوں کی رہائی کی اجازت دی تھی۔ دو روز قبل مسلم لیگ ن کی جانب سے محکمہ داخلہ پنجاب کو شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی پیرول کی مدت میں توسیع کے لیے درخواست دی تھی۔

(جاری ہے)

یہ درخواست مسلم لیگ ن کے جنرل سیکرٹری عطا تارڑ کی جانب سے دائر کی گئی۔درخواست میں مؤقف اپنایا گیا کہ شہباز شریف قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور ایک بڑی سیاسی جماعت کے صدر ہیں جبکہ حمزہ شہباز بھی پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف ہیں۔

ملک بھر سے لوگ شہباز شریف سے ان کی والدہ اورحمزہ شہباز سے ان کی دادی کے انتقال پر اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی کے لیے آنا چاہتے ہیں۔ شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی پیرول پر رہائی کی مدت بدھ کے روز ختم ہو رہی ہے ۔ درخواست ہے اس میں مزید اضافہ کیا جائے۔ لیکن درخواست موصول ہونے کے بعد پنجاب حکومت نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے پیرول میں توسیع کی درخواست مسترد کر دی تھی۔ لیکن بعد ازاں گذشتہ روز انہیں پیرول کی رہائی میں ایک دن کی توسیع دی گئی تھی۔