کرونا ویکسین کے حصول کیلئے چین سے رابطے میں ہیں، پاکستان

متحدہ عرب امارات کی جانب سے پاکستان کو ویزے جاری نہ کرنے کے حوالے سے سرکاری مؤقف کا اعلان نہیں کیا گیا، پاکستان اسرائیل کی جانب سے مقبوضہ فلسطین میں نئی آبادکاری کی شدید مذمت کرتا ہے، سعودی عرب اور ایران کے تعلقات میں بہتری کیلئے وزیراعظم کی پیشکش موجود ہے ،نئی امریکی انتظامیہ سے ملکر کام کرنے کے منتظر ہیں ،بھارت کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے توجہ نہیں ہٹا سکتا،پاکستان آئندہ بھی بھارتی مس ایڈونچر کا بھرپور جواب دیتا رہے گا، ترجمان دفتر خارجہ کی ہفتہ وار بریفنگ

جمعرات 3 دسمبر 2020 16:18

کرونا ویکسین کے حصول کیلئے چین سے رابطے میں ہیں، پاکستان
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 دسمبر2020ء) ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے کہا ہے کہ کرونا ویکسین کے حصول کیلئے چین سے رابطے میں ہیں، متحدہ عرب امارات کی جانب سے پاکستان کو ویزے جاری نہ کرنے کے حوالے سے سرکاری مؤقف کا اعلان نہیں کیا گیا، پاکستان اسرائیل کی جانب سے مقبوضہ فلسطین میں نئی آبادکاری کی شدید مذمت کرتا ہے، سعودی عرب اور ایران کے تعلقات میں بہتری کیلئے وزیراعظم کی پیشکش موجود ہے ،نئی امریکی انتظامیہ سے ملکر کام کرنے کے منتظر ہیں ،بھارت کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے توجہ نہیں ہٹا سکتا،پاکستان آئندہ بھی بھارتی مس ایڈونچر کا بھرپور جواب دیتا رہے گا۔

جمعرات کو صحافیوں کو ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے کہا کہ بھارتی ریاستی دہشتگردی کے تمام شواہد پاکستان کے ڈوزیئر میں موجود ہیں ،بھارت کے او آئی سی کے کی قرارداد پر تنقید کو مسترد کرتے ہیں ،بھارت کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے توجہ نہیں ہٹا سکتا ،مقبوضہ کشمیر کے عوام بدترین ریاستی جبر کا سامنا کر رہے ہیں عالمی برادری بھارت کو انصاف کے کٹہرے میں لائے، او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس میں جموں و کشمیر پر تاریخی مؤقف کا اعادہ کیا گیا،پاکستان او آئی سی وزرائے خارجہ کے آئندہ اجلاس کی میزبانی کریگا۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہا کہ چین کے وزیر دفاع نے اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ پاکستان کا دورہ کیا دونوں ممالک کی افواج کے درمیان دفاعی تعاون بڑھانے کی مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوئے۔ پاکستان کرونا ویکسین کے حصول کیلئے چین سے رابطے میں ہے۔ ترجمان نے کہا کہ ایرانی سائینسدان فخری زادے کے قتل کی مذمت کرتے ہیں اور انکے اہلخانہ سے اظہارِ تعزیت کرتے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے سعودی عرب اور ایران کے درمیان کشیدگی کم کرانے کے لئے کردار ادا کرنے کی پیشکش کی تھی۔ زاہد حفیظ نے کہا کہ پاکستان نے سعودی عرب کی دعوت پر عالمی ڈیجیٹل آرگنائزیشن میں شمولیت اختیار کی۔ زاہد حفیظ نے کہا کہ ہم نئی امریکی انتظامیہ سے ملکر کام کرنے کے منتظر ہیں ،پاکستان اور امریکہ کا قریبی تعاون دہائیوں پر مشتمل ہے۔

ایک سوال کے جواب میں ترجمان نے کہا کہ طے شدہ طریقہ کار کے تحت غیر ملکیوں کو شکار کی اجازت دی جاتی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ اسرائیل کی طرف سے مقبوضہ فلسطین میں آبادکاری کی نئی کوششوں کی مذمت کرتے ہیں۔ زاہد حفیظ نے کہا کہ یو اے ای کی طرف سے پاکستان پر ویزہ پابندی کے حوالے سے سرکاری طور پر کسی مؤقف کا اعلان نہیں کیا گیا ،پاکستانی شہریوں کی ویزہ مشکلات کے حوالے سے یو اے ای حکام سے رابطے میں ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ گلگت بلتستان میں اصلاحات ایک جاری عمل ہے جو وہاں کی عوام کے مطالبہ پر ہے۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان ایسا کوئی قدم نہیں اٹھا سکتا جو جموں و کشمیر کے اصولی مؤقف سے ہٹ کر ہو۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان آئندہ بھی بھارتی مس ایڈونچر کا بھرپور جواب دیتا رہے گا۔