سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کو خبردار کر دیا گیا

وزارت تعلیم نے غیر ملکیوں سے کہا ہے کہ اپنے تمام بچوں کے فنگر پرنٹس کو جوازات سسٹم میں فیڈ کروائیں

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 3 دسمبر 2020 17:16

سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کو خبردار کر دیا گیا
جدہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔3 دسمبر2020ء) سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں اور دیگر غیر ملکیوں کو خبردار کیا گیا ہے کہ وہ اپنے بچوں کے فنگر پرنٹس کی فوری طور پر جوازات کے سسٹم میں فیڈنگ کروا ئیں، ورنہ ان پر جرمانے عائد ہو سکتے ہیں۔ وزارت تعلیم کی جانب سے جاری پیغام میں تارکین وطن کو کہا گیا ہے کہ وہ اپنے ان تمام بچوں، جن کی عمر 6 سال یا اس سے زائد ہے، ان کے فنگر پرنٹس کی جوازات کے سسٹم میں رجسٹریشن کروائیں۔

تاکہ مستقبل میں انہیں تعلیمی عمل کے دوران مشکلات پیش نہ آئیں۔ وزارت تعلیم نے اس حوالے سے ایک نوٹیفکیشن جاری کیا ہے جس میں کہا گیاہے کہ مملکت میں مقیم غیر ملکی اپنے 6 سال اور اس سے زائد عمر کے بچوں کے فنگر پرنٹس کا اندراج جوازات کے سسٹم میں کروائیں۔

(جاری ہے)

کیونکہ سعودی قانون کے تحت جوازات کے سسٹم میں تمام غیر ملکیوں کے فنگر پرنٹ سسٹم میں جمع کرنا لازمی ہیں۔

جوازات کی جانب سے متعدد شہروں میں فنگر پرنٹس فیڈکروانے کے لیے کئی دفاتر میں یہ سہولت فراہم کی گئی ہے۔ جو حضرات اپنے بچوں کے فنگر پرنٹس کو سسٹم میں فیڈ کروانا چاہتے ہیں، انہیں پہلے اپنے ابشر اکاؤنٹ کے ذریعے اپائنٹمنٹ کا وقت حاصل کرنا ہو گا، جس کے بعد ان کے لیے مقررہ وقت پر دفتر پہنچنا لازمی ہو گا۔ تارکین وطن کو فنگر پرنٹس کی فیڈنگ کے لیے بچوں کا اقامہ اور پاسپورٹ دکھانا لازمی ہوتا ہے۔

بچوں کے فنگر پرنٹس جمع کرانے کے لیے عمر کی کم از کم حد 6 برس ہے۔ وزارت تعلیم نے آگاہ کیا ہے کہ جوازات سسٹم میں بچوں کے فنگر پرنٹس جمع نہ ہونے کی صورت میں بچوں کے اقامے اور سکول میں داخلے سے متعلق پریشانی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے جس سے بچنے کے لیے تارکین کو چاہیے کہ فی الفور اپنے بچوں کے فنگر پرنٹس جوازات کے متعلقہ شعبے میں فیڈ کروا دیں۔