پاکستانی عمرہ زائرین کا ایک اور گروپ سعودی عرب پہنچ گیا

پاکستانی زائرین کو 3 روز تک مقامی ہوٹلز میں قرنطینہ میں رکھا جائے گا، جس کے بعد وہ عمرہ کی ادائیگی کے لیے حرم شریف روانہ ہوں گے

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 3 دسمبر 2020 17:36

پاکستانی عمرہ زائرین کا ایک اور گروپ سعودی عرب پہنچ گیا
جدہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔3 دسمبر2020ء) سعودی حکومت کی جانب سے پاکستانیوں کو یکم نومبر کے بعد سے عمرہ کے لیے مملکت آنے کی اجازت دے دی گئی تھی۔ تاہم پاکستانی ٹور آپریٹرز کے سعودی حکام سے کوئی معاہدہ طے پانے کے باعث پاکستانیوں کی عمرہ کے لیے روانگی نہ ہو پائی تھی۔تاہم سعودی حکام اور پاکستانی ٹور آپریٹرز کے درمیان عمرہ کی ادائیگی کے معاہدے طے پانے کے بعد سعودی حکام نے مختلف ٹور آپریٹرز کے لائسنسز کی تجدید کر کے عمرہ کے پانچ ہزار ویزے بھی جاری کر دیئے ہیں۔

جس کے بعدگزشتہ کچھ روز کے دوران سینکڑوں پاکستانی سعودی عرب پہنچ گئے ہیں۔پاکستانی عمرہ زائرین کا ایک اور گروپ جدہ پہنچ گیاہے۔ ان پاکستانی زائرین کو 3 روز تک مقامی ہوٹلز میں قرنطینہ میں رکھا جائے گا، جس کے بعد وہ عمرہ کی ادائیگی کے لیے حرم شریف روانہ ہوں گے۔

(جاری ہے)

پاکستان میں حج و عمرہ ٹور آپریٹر تحسین ٹریولرز نے بتایا کہ کورونا کے باعث ایس او پیز کے تحت عمرہ کی اجازت دی گئی ہے اس لیے محدود ویزے ہی جاری کیے گئے ہیں۔

جبکہ عمرہ و حج ٹور آپریٹر الرحمان گروپ آف ٹریولرز نے اُردو نیوز کے نمائندے کو بتایا کہ عمرہ زائرین کے لیے ایس او پیز کے باعث اخراجات میں بھی اضافہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ بڑی تعداد میں عمرہ کے خواہش مند افراد رابطے کر رہے ہیں لیکن کورونا ایس او پیز کی وجہ سے اخراجات بڑھ گئے ہیں جس کے باعث زائرین کی تعدادآغاز میں کم ہے، فائیو سٹار ہوٹلز میں بکنگ کی اجازت دی گئی ہے جس سے اخراجات اضافہ ہوا ہے۔

ابتدائی طور پر دس دن کا عمرہ پیکج 2 لاکھ 12 ہزار روپے جبکہ 14 روز کا پیکج 2 لاکھ 25 ہزار روپے مقرر کیا گیا ہے۔ترجمان وزارت مذہبی امور عمران صدیقی نے بھی تصدیق کی ہے کہ پاکستان سے عمرہ زائرین کی بکنگ شروع ہو چکی ہے اور اس سلسلے میں پاکستان سے پہلے وفد نے عمرے کی ادائیگی بھی کرلی ہے۔ عمران صدیقی نے بتایا کہ وزارت مذہبی امور کا عمرہ بکنگ میں کوئی کردار نہیں ہوتا بلکہ یہ ٹور آپریٹرز اور سعودی کمپنیوں کے درمیان معاہدہ ہوتا ہے، تاہم سعودی حکام نے پاکستان میں کچھ ٹورآپریٹرز کو ویزے فراہم کیے ہیں جس پر بکنگ کی جارہی ہے۔‘