کوروناسے معاشی بحران نے امارات کی بڑی کمپنی کو کنگال کر دیا

مشہور کنسٹرکشن کمپنی Arabtec نے بینک دیوالیہ ڈیکلریشن منصوبے کا اعلان کر دیا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 3 دسمبر 2020 17:57

کوروناسے معاشی بحران نے امارات کی بڑی کمپنی کو کنگال کر دیا
دُبئی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔3 دسمبر2020ء) کورونا کی وبا نے دُنیا بھر کی بڑی بڑی کمپنیوں اور ایئر لائنز کا معاشی جنازہ نکال دیا ہے۔ امارت کی بھی بہت سی کمپنیاں شدید مالی بحران کا شکار ہوئی ہیں۔ خلیج ٹائمز کے مطابق خلیجی خطے کی مشہور امارتی کنسٹرکشن کمپنی بھی اس بحران سے اس قدر متاثر ہوئی کہ کمپنی کے شیئر ہولڈرز نے اسے ختم کرنے اور بینک دیوالیہ ڈیکلیئر کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

عرب ٹیک کمپنی کے شیئر ہولڈرز کی ہونے والی تازہ ترین میٹنگ میں چند شیئر ہولڈرز نے ستمبر میں لیکویڈیشن (کمپنی تحلیل کر کے رقوم واپس کرنے) کے عمل کو روکنے کی سفارش کی گئی ۔ تاہم شیئر ہولڈرز کی اکثریت نے کمپنی کو باقی رکھنے اور موجودہ بزنس کو جاری رکھنے سے انکار کر دیا ہے۔ میڈیا کو بھیجی گئی ای میل عرب ٹیک نے بتایا کہ بورڈ آف ڈائریکٹرز نے فیصلہ کیا کہ کمپنی کا کاروبارجاری رکھنا شیئر ہولڈرز کے مفاد میں نہیں ، اس لیے عدالتی منظوری کے بعد کمپنی کو تحلیل کرنے کے منصوبے پر عمل درآمد شروع کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

ایک بڑی شیئر ہولڈر ابوظبی سٹیٹ فنڈ مبادلہ انویسمنٹ کمپنی نے بھی دیگر بڑی کمپنیوں کے ساتھ مل کر ستمبر 2020ء میں لیکویڈیشن کے حق میں ووٹ دیا تھا۔ جس کی وجہ کوروناسے ہونے والا معاشی بحران قرار دی گئی تھی۔ عرب ٹیک کے پانچ فیصد شیئر ہولڈرز بینک دیوالیہ اور لیکویڈیشن کی منظوری کے فیصلے کے حق میں نہیں تھے، تاہم اکثریت کی مخالفت کے باعث ان کے موقف کو تسلیم نہیں کیا گیا۔

واضح رہے کہ عرب ٹیک کو سال 2020کے پہلے چھ ماہ میں216.18 ملین ڈالر کا بڑا خسارہ ہوا،جبکہ پہلے بھی کروڑوں ڈالر کا مالی خسارہ تھا، جسے ملا کر خسارے کی کُل رقم 400 ملین ڈالر تک پہنچ گئی۔ کمپنی کی جانب سے رواں سال کے دوران 8 ہزار ملازمین کو نوکریوں سے فارغ کیا گیا تھا۔ عر ب ٹیک کا کہنا ہے کہ کورونا وبا کے باعث کنسٹرکشن سیکٹر کو بہت زیادہ نقصان پہنچا ہے ، اور سرمایہ کاروں کا سرمایہ بھی ڈوب گیا۔