وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے وزیراعظم کے معاون خصوصی ندیم افضل چن کی ملاقات ، باہمی دلچسپی کے امور اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال

افراتفری پھیلانے کی کوشش کرنیوالے عناصر دشمن کے ایجنڈے پر چل رہے ہیں،مایوسی کا شکار اپوزیشن عوام کو گمراہ نہیں کرسکتی پی ڈی ایم کے جلسے ناکام رہے، اس ٹولے کو اب ترقی مخالف سیاست سے توبہ کر لینی چاہیے ‘ سردار عثمان بزدار پی ڈی ایم کو وسیع تر قومی مفاد میں جلسوں سے گریز کرنا چاہیئے، کورونا وباء کے دوران انسانی زندگیوں کو دائو پر لگانا دانشمندی نہیں‘ندیم افضل چن

جمعرات 3 دسمبر 2020 19:03

وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے وزیراعظم کے معاون خصوصی ندیم افضل چن کی ملاقات ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 دسمبر2020ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیراعظم کے معاون خصوصی ندیم افضل چن نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ افراتفری پھیلانے کی کوشش کرنے والے عناصر دشمن کے ایجنڈے پر چل رہے ہیں۔

مایوسی کا شکار اپوزیشن عوام کو گمراہ نہیں کرسکتی۔ موجودہ حالات میں پی ڈی ایم کا کردار قومی مفادات کے منافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نازک دور سے گزر رہا ہے اور یہ وقت انتشار کی سیاست کا نہیں بلکہ اتحاد و اتفاق کا ہے۔اپوزیشن جماعتوں کو اپنے منفی طرز عمل پر نظرثانی کی ضرورت ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ پی ڈی ایم کے جلسے ناکام رہے، اس ٹولے کو اب ترقی مخالف سیاست سے توبہ کر لینی چاہیئے۔

(جاری ہے)

2 برس میں پنجاب میں فلاح عامہ کے ریکارڈ کاموں کی مثال 70 برس میں نہیں ملتی۔پسماندہ علاقوںکے ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی خود کررہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی خدمت کے مشن میںکسی کو حائل ہونے کی اجازت نہیں دیں گے۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی ندیم افضل چن نے کہا کہ پی ڈی ایم کو وسیع تر قومی مفاد میں جلسوں سے گریز کرنا چاہیئے اور کورونا وباء کے دوران عوام کی زندگیوں کو دائو پر لگانا کوئی دانشمندی نہیں۔