Live Updates

تحریک انصاف نے گلگت بلتستان کے تمام اراکین اسمبلی کو وزیر اور مشیر لگا دیا

اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کو ملاکر وزیر کے برابر مراعات یافتہ ارکان کی تعداد 24 ہوگئی، تحریک انصاف کے شکست یافتہ امیدواروں کو بھی وزیراعلیٰ کے مشیر، معاون یا کوارڈینیٹر لگا دیا گیا

Shehryar Abbasi شہریار عباسی جمعرات 3 دسمبر 2020 19:25

تحریک انصاف نے گلگت بلتستان کے تمام اراکین اسمبلی کو وزیر اور مشیر ..
گلگت (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03 دسمبر2020ء) تحریک انصاف کی حکومت نے کفایت شعاری کو چھوڑ کر گلگت بلتستان کے تمام اراکین اسمبلی کو وزیر اور مشیر لگا دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق گلگت بلتستان کی نئی حکومت میں تحریک انصاف کے تمام ارکان کو وزیر، مشیر، معاون خصوصی یا کوارڈینیٹر لگا دیا گیا ہے۔ تحریک انصاف کی حکومت کی جانب سے جاری مراعات کی بہتی گنگا میں تحریک انصاف کے اتحادی ارکان کو بھی ہاتھ دھونے کا بھرپور موقع فراہم کیا گیا ، پی ٹی آئی کے حصے میں اسمبلی کی 22 نشستیں آئی تھیں جبکہ حکومت میں 24 امیدواروں کو عہدے مل گئے ۔

گلگت بلتستان اسمبلی انتخابات کے نتائج میں تحریک انصاف نے کل میں کل جنرل نشستیں 24 جبکہ کابینہ ارکان کی تعداد 22 ہے۔ اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کو ملاکر وزیر کے برابر مراعات یافتہ ارکان کی تعداد 24 ہوگئی ہے جبکہ تحریک انصاف کے اپنے جنرل اور مخصوص نشستوں پر منتخب ارکان کی تعداد 23 ہے۔

(جاری ہے)

مجلس وحدت المسلمین کے ایک رکن کو بھی وزیراعلیٰ کا معاون خصوصی بنا دیا گیا ہے جبکہ تحریک انصاف کے بعض شکست یافتہ امیدواروں کو بھی وزیراعلیٰ کے مشیر، معاون یا کوارڈینیٹر لگا دیا گیا ہے۔

صوبائی حکومت کی جانب سے جاری فہرست کے مطابق وزیراعلیٰ سمیت وزرا کی تعداد 15 ہے۔ ان میں 2 ورزا کو سینیئر وزیر بناایا گیا ہے جبکہ ان کے علاوہ وزیراعلیٰ کے 2 مشیر، 3 معاونین خصوصی اور 2 کوارڈینیٹرز شامل ہیں۔ گلگت بلتستان اسمبلی کی جنرل اور مخصوص نشستوں کی مجموعی تعداد 33 ہے۔ ان میں سے 22 بالواسطہ یا بلاواسطہ کابینہ کا حصہ بن گئے۔ دو ارکان کو اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر بنا دیا گیا۔

ایک اپوزیشن لیڈر بن گیا۔ کل ملا کر مراعات ارکان کی تعداد 24 ہوگئی۔ ان 24 ارکان کو وزیر کے برابر مراعات ملیں گے۔ ان کے علاوہ پارلیمانی سیکریٹریز کا اعلان تاحال نہیں ہوسکا ہے ۔ واضح رہے کہ نو منتخب وزیراعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید نے عہدے کا حلف اٹھانے کے بعد پہلے خطاب میں کہا تھا کہ گلگلت بلتستان میں بجٹ کا زیادہ حصہ غیر ترقیاتی اخراجات یعنی حکومت چلانے پر خرچ ہورہا ہے۔ ہم اس کو کم کریں گے اور اس کا آغاز کابینہ سے کریں گے لیکن ان کی کابینہ کے افراد کی تعداد دیکھ کر نہیں لگتا کہ ان کو اپنا وعدہ یاد رہا، اور وہ بھی روایتی سیاست کی ڈگر پر چلتے ہوئے کابینہ کی فوج ظفر موج بنانے میں کامیاب ہو گئے ہیں ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات