رکن سندھ اسمبلی عبدالجبار کا میرظفراللہ جمالی کے انتقال پر اظہار افسوس

جمعرات 3 دسمبر 2020 23:33

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 دسمبر2020ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے رُکن صوبائی اسمبلی عبدالجبار خان نے سابقہ وزیراعظم میر ظفراللہ خان جمالی اور حیدرآباد کے حق پرست رکن صوبائی اسمبلی راشد خلجی کے والد کے انتقال پر تعزیت کااظہار کرتے ہوئے دعا کی ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحومین کی مغفرت فرمائے اور ان کے درجات بلند کرے اور ان کے پسماندگان کو صبرجمیل عطا کرے۔

عبدالجبار خان نے کراچی اسٹیل مل سے ہزاروں کی تعداد میں ملازمین کو نکالے جانے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کے آنے کے بعد کسی ایک شخص کو بھی روزگار کے مواقع فراہم نہیں کئے گئے بلکہ اب تک کئی ہزار افراد سرکاری اور نیم سرکاری اداروں سے نکالے جاچکے ہیں جبکہ حکومت کی پالیسیوں کے باعث نجی اداروں ، فیکٹریوں، ملوں اور کارخانوں سے بھی ہزاروں افراد کو بیروزگار کیا جارہا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ مہنگائی کے اس دور میں گھر کی کفالت کرنے والے افراد کی بیروزگاری ظلم کی انتہا ہے۔ موجودہ وفاقی حکومت جو برسراقتدار آنے کے بعد کروڑوں ملازمت اور گھر دینے کے دعویٰ کررہی تھی اس نے اسٹیل مل جیسے ادارے سے ہزاروں ملازمین کو ایک ساتھ برطرف کرکے انہیں معاشی بدحالی کا شکار بنادیا ہے۔ کسی شعبے میں بہتری کے آثار نہیں ، ہرطرف افراتفری اور غیر یقینی کی صورتحال ہے ، نہ تو مہنگائی پر کنٹرول کیا جارہا ہے اور نہ ہی غریب عوام کو وسائل کی فراہمی کیلئے عملی جدوجہد کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ عوام موجودہ حکومت سے تنگ آچکے ہیں اس لئے اس حکومت کو جلد سے جلد فارغ کیا جائے تاکہ غریب عوام کو جینے کی امید ہوسکے۔