بھنگ کو منشیات فہرست سے نکال دیا گیا

اقوام متحدہ میں انسداد منشیات سے متعلق ادارے نے بھنگ اور گانجے کو زیادہ سخت کنٹرول والی منشیات کی فہرست سے خارج کر دیا

muhammad ali محمد علی جمعہ 4 دسمبر 2020 00:56

بھنگ کو منشیات فہرست سے نکال دیا گیا
نیو یارک (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 30 نومبر 2020ء) بھنگ کو منشیات فہرست سے نکال دیا گیا، اقوام متحدہ میں انسداد منشیات سے متعلق ادارے نے بھنگ اور گانجے کو زیادہ سخت کنٹرول والی منشیات کی فہرست سے خارج کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق دہائیوں تک منشیات کی کیٹیگری میں شمار کی جانے والی بھنگ کو اب منشیات کی فہرست سے نکال دیا گیا ہے۔ یہ فیصلہ اقوام متحدہ کے انسداد منشیات سے متعلق ادارے کی جانب سے کیا گیا ہے۔

اقوام متحدہ میں نارکوٹیک ڈرگس کے ارکان کی اکثریت نے1961 کے شیڈول چہارم سے بھنگ کو ہٹانے کے حق میں ووٹ دیا۔ آج سے قبل گانجا اور بھنگ کو ہیروئین اور افیون جیسی سخت اور خطرناک قسم کی منشیات کی فہرست میں شامل رکھا گیا تھا۔ تاہم حال ہی میں عالمی ادارہ صحت نے بھنگ کے طبی استعمال پر تحقیق کو آسان بنانے کی سفارش کی تھی۔

(جاری ہے)

عالمی ادارہ صحت نے موقف اختیار کیا کہ بھنگ پر کنٹرول کو آسان کرنے کی ضرورت ہے تاکہ طبی طور پر استعمال کے اس کے فوائد پر تحقیق کو آسان بنایا جاسکے۔

عالمی ادارہ صحت کی سفارش کے بعد اب اقوام متحدہ کے متعلقہ ادارے نے بھنگ کو منشیات کی فہرست سے تو خارج کر دیا، تاہم ابھی بھی قانونی طور پر اسے جائز نہیں ٹھہرایا گیا۔ یہاں واضح رہے کہ پاکستان میں بھی طبی مقاصد کیلئے بھنگ کی کاشت کا منصوبہ زیر غور ہے۔ اس حوالے سے وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا موقف ہے کہ بھنگ کے بہت سے طبی فوائد ہیں اور اس کی کاشت سے پاکستان سالانہ کثیر زرمبادلہ کما سکتا ہے۔ اب اقوام متحدہ کے فیصلے کے بعد وفاقی وزیر کا موقف درست ثابت ہوگیا۔