سعودیہ میں سیکیورٹی اہلکاروں کے قاتل کا سر قلم کیا جائے گا

دہشت گرد گروہ کے کارندے نے غیر قانونی طور پر سعودیہ میں داخل ہونے کے دوران 2 سیکیورٹی اہلکاروں کو فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا تھا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 4 دسمبر 2020 12:54

سعودیہ میں سیکیورٹی اہلکاروں کے قاتل کا سر قلم کیا جائے گا
جدہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔4دسمبر2020ء) سعودی عرب میں ایک دہشت گرد کو2 سیکیورٹی اہلکاروں کے قتل میں ملوث ہونے پر اس کا سر قلم کرنے کی سزا سُنا دی ہے۔ فوج داری عدالت کی جانب سے مجرم کے دیگر 11 ساتھیوں کو 8 سے 25 سال تک قید کی سزائیں بھی سنائی گئی ہے۔ دہشت گردی اور اقدام قتل کے اس مقدمے کی سماعت کے دوران استغاثہ نے بتایا کہ مجرم نے سعودی مملکت میں در اندازی کے دوران بارڈر پر تعینات دو سیکیورٹی اہلکاروں کو اندھا دُھند فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا تھا۔

کیونکہ مجرم اپنے دیگر دہشت گرد ساتھیوں کے ہمراہ جنوبی ریجن کی سرحد پار کر کے سعودی مملکت میں غیر قانونی طور پر داخل ہو چکا تھا۔ جب سیکیورٹی اہلکاروں نے ان دہشت گردوں کو پکڑنے کی کوشش کی تو ان میں سے ایک شخص نے سیکیورٹی اہلکاروں پر فائرنگ کر کے انہیں خون میں نہلا دیا تھا۔

(جاری ہے)

تاہم باقی اہلکاروں نے تمام ملزمان کو گھیرا ڈال کر ان کے فرار ہونے کی کوشش ناکام بنا دی تھی۔

عدالت کی جانب سے ملزمان کو دہشت گردی کے مقاصد کے لیے آتشیں اسلحہ رکھنے، امن وامان تباہ کرنے، دہشت گردی کے لیے فنڈنگ اور کارروائیاں انجام دینے اورغیرقانونی طریقے سے سرحد عبور کرنے میں مدد دینے کے الزامات ثابت ہونے پر 8 سے 25 سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔واضح رہے کہ کچھ عرصہ قبل عدالت کی جانب سے انتہا پسند خیالات کے مالک دو جڑواں بھائیوں کو موت کی سزا سُنائی گئی تھی جس پر عمل کرتے ہوئے پولیس نے ان بھائیوں کے سر قلم کر دیئے تھے۔ ان ظالم بھائیوں نے اپنی بوڑھی ماں کو قتل کر ڈالا تھا اور باپ کو بھی شدید زخمی کیا تھا۔ یہ دونوں بھائی داعش کے خیالات و افکار سے بہت متاثر تھے اور اپنی انتہا پسند تعلیمات کے زیر اثر گھر والوں کو اسلام پر عمل نہ کرنے کے طعنے دیتے تھے۔