سندھ حکومت اوپن یونیورسٹی کو ٹھٹھہ میں کیمپس کے قیام کے لئے پلاٹ فراہم کریگی

جمعہ 4 دسمبر 2020 16:48

اسلام آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 دسمبر2020ء) حکومت سندھ نے علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کو صوبے کے دور دراز اور پسماندہ علاقوں تک تعلیمی نیٹ ورک پھیلانے کے لئے یونیورسٹی کو ایک کنال اراضی پر مشتمل ایک پلاٹ ٹھٹھہ میں فراہم کرنے کے احکامات جاری کردئیے ۔ مختیار کار ٹھٹھہ آفس نے ٹھٹھہ شہر میں اوپن یونیورسٹی کے علاقائی دفتر کے قیام کے لئے ایک کنال سرکاری زمین کی نشاندہی کردی ۔

اوپن یونیورسٹی ملک میں تعلیم کی ترقی کے لئے مختلف اقدامات کے ساتھ ساتھ ملک کے ہر کونے میں بطور خاص دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں یکساں تعلیمی مواقع فراہم کرنے کو یقینی بنانے کے لئے کوشاں ہے اور چاروں صوبوں میں علاقائی دفاتر کے نیٹ ورک کو مزید پھیلارہی ہے۔اس حوالے سے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ضیا القیوم نے چاروں صوبوں گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے اعلی حکام سے ملاقاتوں میں یونیورسٹی کے تعلیمی نیٹ ورک میں توسیع کے لئے سرکاری اراضی (پلاٹ)کی الاٹمنٹ کی درخواست کی تھی۔

(جاری ہے)

وائس چانسلرنے حالیہ دنوں میں وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ سے سندھ کے مختلف علاقوں(ملیر ٹھٹھہ کشمور حیدرآباد اور لاڑکانہ )میں اوپن یونیورسٹی کے ریجنل دفاتر اور ماڈل سٹڈی سینٹرز کے قیام کے لئے سرکاری اراضی پر مشتمل پلاٹوں کی الاٹمنٹ کی درخواست کی تھی۔دریں اثنا یونیورسٹی نے سمسٹر بہار 2020 کے انٹرمیڈیٹ پروگرامز کے نتائج کا اعلان کردیا ہے اور تفصیلات اپنی ویب سائٹ www.aiou.edu.pkپر فراہم کردی ہیں۔

طلبہ اپنا رزلٹ ویب سائٹ سے چیک اور ڈان لوڈ کرسکتے ہیں۔ طلبہ کو رزلٹ کارڈز بذریعہ ڈاک ارسال کی جارہی ہیں۔ میٹرک اور فیس ٹو فیس پروگرامز)پوسٹ گریجویٹ پروگرامز بی ایس پروگرامز پوسٹ گریجویٹ ڈپلومہ اور ڈپلومہ اِن فرانزک سائنس کے نتائج کا اعلان پہلے ہی ہوچکا ہے۔ اِن تمام پروگرامز کے نتائج یونیورسٹی کی ویب سائٹ پر دستیاب ہیں۔