مراد سعید نے این ایچ اے میں ای بڈنگ سسٹم کا آغاز کردیا

این ایچ اے پبلک پرائیوٹ اشتراک کے ذریعے سڑکوں کے تعمیراتی منصوبوں کا آغا ز کررہاہے،وفاقی وزیر برائے مواصلات کا تقریب سے خطاب

جمعہ 4 دسمبر 2020 17:30

مراد سعید نے این ایچ اے میں ای بڈنگ سسٹم کا آغاز کردیا
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 دسمبر2020ء) این ایچ اے منصوبوں کے کانٹریکٹ کے عمل میں شفافیت کو یقینی بنانے کے حوالے سے وفاقی وزیر برائے مواصلات اور پوسٹل سروسز مراد سعید نے این ایچ اے میں ای بڈنگ سسٹم کا آغاز کردیا ہے۔ یہ ای بڈنگ سسٹم تجاری پاکستان کے اشتراک کے ساتھ شروع کیا گیا ہے ۔ تجاری پاکستان ای بڈنگ سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے رہنما کی حیثیت رکھتا ہے اور مختلف قومی اور نجی ادارے جیسے کہ پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ (پی پی ایل)، یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ ( یو بی ایل ) ، پنجاب اسکلز ڈیویلپمنٹ فنڈز (پی ایس ڈی ایف ) ، اورینٹ پاکستان لمیٹڈ ، پی سی اور میریٹ ہوٹل کو اپنی خدمات فراہم کر رہا ہے۔

اس حوالے سے وفاقی وزیر برائے مواصلات اور پوسٹل سروسز مراد سعید ، سیکرٹری مواصلات ظفر حسن اور چیر مین این ایچ اے کیپٹن (ر) سکنڈر قیوم کی جانب سے نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے ہیڈ آفس میں اجرا کی تقریب کا انعقا د کیا گیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر این ایچ اے ، تجاری پاکستان اور وزارت مواصلات کے سینئر نمائندگان تقریب میں شریک ہوئے ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید کا کہنا تھا کہ : "وزیر اعظم عمران خان کے بہتر گورننس وژن کے مطابق این ایچ اے نے ای بڈنگ سسٹم کا آغاز کردیا ہے جس کے ذریعے ای بڈنگ سسٹم مزید شفاف، موثر اور آسان ہوجائے گا۔

اقتدار میں آنے کے بعد سے موجودہ حکومت کی تمام تر توجہ احتساب ، شفافیت اور لوگوںکو ریلیف فراہم کرنے اور ای گورننس کے نظام کے نفاذ پر مبذول ہے ۔ "انکا مزید کہنا تھا کہ :"-این ایچ اے کی جانب سے ای بڈنگ کا آغاز حوصلہ افزا ہے کیونکہ موٹر وے اور ہائی ویز کے تعمیراتی منصوبوں پر اربوں روپے کی لاگت شامل ہوتی ہے۔ این ایچ اے پبلک پرائیوٹ اشتراک کے ذریعے سڑکوں کے تعمیراتی منصوبوں کا آغا ز کررہاہے۔

علاوہ ازیں ، سکھر تا حیدرآباد موٹر وے منصوبہ اگلے سال شروع کردیا جائے گا اور این ایچ اے کے مالی اور انتظامی معاملات کو مزید بہتر بنانے کے حوالے سے مزید اقدامات کئے جائے گے ۔ "اس موقع پر سیکریٹری مواصلات ظفر حسن نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ: "این ایچ اے نے محدود مدت کے اندر ایک بہترین ای بڈنگ سسٹم کا آغاز کیا ہے جس کے ذریعے ای بڈنگ سسٹم میں نا صرف شفافیت پیدا ہوگی بلکہ اس اقدام کے ذریعے وقت بھی بچت ہوگی۔

مستقبل میں کسی بھی ادارے کی کارکردگی کی جانچ اس کے ٹیکنالوجی کے استعمال سے کی جائے گی۔ ادارے میں جدید ٹیکنالوجی کے نفاذ کے حوالے سے حقیقت پسندانہ اقدامت کئے جائے گے۔ "چیرمین این ایچ اے کیپٹن (ر) سکندر قیوم کاتقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ : " این ایچ اے میں شفافیت کے ہدف کو ای بڈنگ سسٹم کے آغاز کے ذریعے حاصل کرلیا گیا ہے۔ اس موقع پر تمام اسٹیک ہولڈرز کوبھی اعتماد میں لیا گیا ہے۔

انکا مزید کہنا تھا کہ پہلے مرحلے میں ای بڈنگ سسٹم کو مرمتی کام تک محدود رکھا گیا ہے اور مستقبل میں بتدریج اس کو دوسرے منصوبوں تک بڑھایا جائے گا۔ ای بڈنگ سسٹم کی نمایاں خصوصیات میں صارفین کا اکاوئنٹ کرییشن ، آن لائن ٹینڈر کرییشن ، بڈ کا اندارج ، ٹینڈر ایوالیوشن اور ایوارڈ نوٹیفیکشن شامل ہیں۔"اس ای بڈنگ سسٹم کے کامیاب آغاز کے ساتھ دوسرے پبلک سیکٹر اداروں کی حوصلہ افزائی ہوگی اور وہ اس نقش قدم پر گامزن ہوگے اور عمران خان کے وژن کے مطابق اپنے پروکروٹمنٹ بجٹ میں 100 فیصد شفافیت کے عمل کو یقینی بنائے گے۔