Live Updates

شہباز شریف کا مریم نواز کو ڈائیلاگ کا راستہ کھلا رکھنے کا مشورہ

اس حد تک آگے نہ جائیں کہ جہاں سے پھر واپسی مشکل ہوجائے ، سابق وزیرعلیٰ پنجاب کی نائب صدر ن لیگ سے ملاقات میں گفتگو

Sajid Ali ساجد علی جمعہ 4 دسمبر 2020 17:56

شہباز شریف کا مریم نواز کو ڈائیلاگ کا راستہ کھلا رکھنے کا مشورہ
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 04 دسمبر2020ء) پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے پارٹی کی نائب صدر مریم نواز کو ڈائیلاگ کا راستہ کھلا رکھنے کا مشورہ دے دیا ، سابق وزیر اعلیٰ پنجاب کہتے ہیں کہ اس حد تک آگے نہ جائیں کہ واپسی مشکل ہوجائے۔ میڈیا ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف ، سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز اور اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز کے مابین ہونے والی ملاقات میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب نے مریم نواز کو مشورہ دیا کہ استعفوں کے آپشن پر سب سے آخر میں سوچا جائے ، اس حد تک آگے نہ جائیں کہ جہاں سے پھر واپسی مشکل ہوجائے جب کہ پیپلزپارٹی کے بھی استعفوں کے آپشن کے حوالے سے تحفظات ہیں۔

دوسری طرف مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے لاہور جلسہ سے قبل بھی شہر بھر میں ریلیاں نکالنے کا فیصلہ کر لیا ہے ، تفصیلات کے مطابق لاہور میں 13 دسمبر کو پی ڈی ایم کے ہونے والے جلسے میں لوگوں کی کثیر تعداد کو اکٹھا کرنا میزبان جماعت مسلم لیگ ن کے لیے ایک چیلنج بن گیا ہے ، اسی چیلنج کو پورا کرنے کے لیے اب مریم نواز نے جلسے سے قبل شہر بھر میں ریلیاں نکالنے کا فیصلہ کر لیا ہے، مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز 7 دسمبر کو ریلیوں کی صورت میں شہر کے مختلف حلقوں کا دورہ کریں گی۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ پی ڈی ایم نے 13 دسمبر کو لاہور میں جلسہ کرنے کا اعلان کر رکھا ہے جس کی میزبانی مسلم لیگ ن کرے گی، ملتان میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا تھا کہ 13 دسمبر کو لاہور میں ٹاکرا ہوگا، لاہور کا جلسہ ان کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا، لاہور سے ان کا جنازہ نکلے گا اور اسلام آباد تک ان کا پیچھا کریں گے۔ ذرائع کے مطابق لاہور جلسے سے متعلق سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف نے واضح ہدایات جاری کر رکھی ہیں کہ یہ جلسہ تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ علامہ خادم حسین رضوی کے نماز جنازہ کے اجتماع سے بھی بڑا ہونا چاہئیے۔
Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات