کوئی غلط فہمی میں نہ رہے کہ حکومت مدت پوری کئے بغیر جاسکتی ہے ،گارنٹی سے کہتا ہوں حکومت عمران خان کی سربراہی میں آئینی مدت پوری کریگی ،شیخ رشید احمد

حکومت اپوزیشن سے آئین و قانون کے دائرے میں رہ کر مقابلہ کریگی ،اپوزیشن ستم کرے گی تو حکومت بھی وہی کریگی،پی ڈی ایم میں شامل گیارہ جماعتیں ہوش کے ناخن لیں ،عوام کی زندگیوں سے نہ کھیلیں، کورونا کی دوسری لہر خطرناک ثابت ہوسکتی ہے،وزیر ریلوے کی میڈیا سے گفتگو

جمعہ 4 دسمبر 2020 19:29

کوئی غلط فہمی میں نہ رہے کہ حکومت مدت پوری کئے بغیر جاسکتی ہے ،گارنٹی ..
کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 دسمبر2020ء) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا کہ کوئی اس غلط فہمی میں نہ رہے کہ حکومت جنوری میں یا مدت پوری کئے بغیر جاسکتی ہے میں گارنٹی سے کہتا ہوں کہ حکومت وزیراعظم عمران خان کی سربراہی میں اپنی آئینی مدت پانچ سال پورا کرے گی اگر پھر بھی جنوری تک انتظار کررہے ہیں تو یہ غلط فہمی دل اور دماغ سے نکال دیں۔

یہ بات وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے دورہ چمن کے دورے پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اپوزیشن سے آئین و قانون کے دائرے میں رہ کر مقابلہ کرے گی اپوزیشن ستم کرے گی تو حکومت بھی وہی کرے گی۔اپوزیشن جفا کرے گی تو حکومت بھی جفا کرے گی۔ پی ڈی ایم میں شامل گیارہ جماعتیں ہوش کے ناخن لیں عوام کی زندگیوں سے نہ کھیلے کورونا کی دوسری لہر خطرناک ثابت ہوسکتی ہے۔

(جاری ہے)

پہلی لہر میں حکومت کی اقدامات سے زیادہ نقصان نہیں ہوا بہتر حکمت عملی اپنائی گئی تھی اب ایک طرف کورونا زور پکڑرہا ہے دوسری جانب اپوزیشن جماعتیں عوام کی زندگیوں سے کھیل کر باہر نکلنے پر اکسارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن ووٹ کو عزت دو کی بات کرتی ہے مگر ووٹر کو کورونا وائرس میں دھکیل رہی ہے۔ وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ ریلوے کی نظام میں بہتری لارہے ہیں۔

ایم ایل ون سروس چلنے سے مزید بہتری آجائے گی۔ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشیداحمد کو این ایل سی کے کرنل فیصل نے انٹرنیشنل ٹریڈ بارڈر منیجمنٹ سسٹم سے متعلق بریفنگ دی اور این ایل سی کے ترقیاتی پراجیکٹس کے حوالے سے آگاہ کیا ۔ اس موقع پر وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم آپ کی بھرپور مدد کرینگے اور کوشش کریں گے کہ ریلوے لائن کو کراچی تا کوئٹہ اور چمن کو مزید بہتر کیا جائے ۔

ریلوے کی بہتری سے دونوں ممالک کو تجارتی اور معاشی فائدے میسر آئینگے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ریلوے کی زمینوں کو قبضہ مافیا سے چھڑادینگے۔ قبضہ مافیا نے ریلوے کے 750 ایکڑ زمینوں میں سے دو سو ایکڑ زمینوں پر قبضہ جما رکھا ہے ان کے خلاف ہم اقدام اٹھائیں گے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ کورونا کی وجہ سے پوری دنیا میں معاشی سرگرمیاں رکی ہوئی ہے اور معیشتوں کو کافی نقصان پہنچا ہے اسی وجہ سے ہمارے ملک کو بھی زیادہ نقصان پہنچا حکومت کی پوری کوشش ہے کہ مہنگائی پر جلد قابو پالیا جائے اور جو اقدامات اٹھانے شروع کئے ہیں اس کا فائدہ جلد عوام کو پہنچ جائے گا اب اشیاء خورد و نوش کی قیمتوں میں مسلسل کمی آرہی ہے جو خوش آئند ہے۔

وفاقی وزیر شیخ رشید احمد نے کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے ٹرین اور ہوائی سفر میں مسافروں کی تعداد کم ہوئی ہے اب لوگ سفر کم کررہے ہیں چمن شہر سے اسپین بولدک تک گیارہ کلومیٹر ٹریک بچھایا جائے گا۔ وفاقی وزیر نے پاک افغان بارڈر پر قائم باب دوستی گیٹ کا بھی دورہ کیا اور کہا کہ چمن ایک تاریخی شہر ہے یہاں کے بسنے والے لوگوں کا ذریعہ معاش بارڈر پر تجارت ہے تجارتی راستے کھولنے سے ملکی معیشت کو بہت زیادہ فائدہ پہنچ رہا ہے ۔

اسی وجہ سے ریلوے ٹریک کو اسپین بولدک تک وسعت دی جائے گی۔ آخر میں وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے شیلا باغ ریلوے ٹنل کا بھی دورہ کیا۔ دورے کے موقع پر شیلا باغ ٹنل کے حوالے سے مختصر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ ٹنل پاکستان کا ورثہ ہے اس طرح کے خوبصورت نظارے دنیا میں بہت کم ملیں گے۔ ہم سب نے اپنے ملک اور تاریخی مقامات کا حفاظت کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ انگریز کے زمانے میں شیلا باغ ٹنل پر 1888 میں کام شروع ہوا تھا اور نہایت کم مدت یعنی تین سال میں مکمل کیا گیا تھا اور 1891ء میں اس کو باقاعدہ کھول دیا گیا تھا اس ٹنل کی لمبائی چار کلومیٹر ہے ایک زمانے میں چمن شہر کے لئے اسی ٹنل سے پانی جایا کرتا تھا۔