خصوصی افراد کو قومی دھارے میں لانا اور معاشی طور پر بااختیار بنانے کی ضرورت ہے،صدر مملکت

افراد باہم معذوری کی سہولت اور معاشی بہبود کیلئے کام کرنا معاشرے کی اجتماعی ذمہ داری ہے، عارف علوی کا خطاب خصوصی افراد کے معاشی استحکام اور فلاح و بہبود کیلئے بینکوں ، ایس ای سی پی اور خصوصی افرادکے نمائندوں پر مشتمل ایک ورکنگ گروپ تشکیل دیا جائے گا، گور نر اسٹیٹ بینک

جمعہ 4 دسمبر 2020 19:35

خصوصی افراد کو قومی دھارے میں لانا اور معاشی طور پر بااختیار بنانے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 دسمبر2020ء) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ خصوصی افراد کو قومی دھارے میں لانا اور معاشی طور پر بااختیار بنانے کی ضرورت ہے، افراد باہم معذوری کی سہولت اور معاشی بہبود کیلئے کام کرنا معاشرے کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی زیر صدارت خصوصی افراد کی فلاح وبہبود پر اجلاس ہوا جس میں معاون خصوصی برائے تخفیفِ غربت و سماجی تحفظ ثانیہ نشتر، گورنر اسٹیٹ بینک،ڈاکٹر رضا باقر ،چیئرمین پاکستان بینک ایسوسی ایشن / صدر حبیب بینک لمیٹڈ محمد اورنگزیب کے علاوہ ملک بھر سے 27 بڑے بینکس کے صدور/سی ای اوز ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے ۔

صدر مملکت نے کہاکہ ملک کی معاشی ترقی کیلئے افراد باہم معذوری کی مالی شمولیت کی ازحد ضروری ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ خصوصی افراد کو قومی دھارے میں لانا اور معاشی طور پر انہیں بااختیار بنانے کی ضرورت ہے۔ انہوںنے کہاکہ افراد باہم معذوری کی سہولت اور معاشی بہبود کیلئے کام کرنا معاشرے کی اجتماعی ذمہ داری ہے ۔ عارف علوی نے کہاکہ خصوصی افراد کو قومی دھارے میں شامل کرنا اور ان کی رسائی بہتر بنانے کیلئے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے کی ضرورت ۔

ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے احساس پروگرام کے تحت خصوصی افراد کی فلاح کیلئے اٹھائے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیاگورنر اسٹیٹ بینک ، رضا باقر نے اجلاس کو فروری 2020 میں بینکوں کے سی ای اوز / صدور کے ساتھ منعقدہ میٹنگ میں کیے گئے فیصلوں کی تعمیل کے بارے میں آگاہ کیا۔۔گورنر اسٹیٹ بینک نے خصوصی افراد کی فلاح و بہبود اور سہولت کے لئے اسٹیٹ بینک کے اقدامات پر روشنی ڈالی۔

گور نر اسٹیٹ بینک نے کہاکہ اسٹیٹ بینک نے تمام بینکوں / مائیکرو فنانس بینکوں کے لئے ریمپ کی تعمیر اور بینکاری انفراسٹرکچر تک خصوصی افرادکو رسائی دینا لازمی قرار دیا ہے۔اسٹیٹ بینک نے بینکوں کو ری فنانس سکیموں کے حوالے سے اہداف دے دیئے اور انہیں دو سال کی مدت میں بینکوں کے داخلی راستوں پر ریمپ کی تعمیر کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔

خصوصی افراد کے معاشی استحکام اور فلاح و بہبود کیلئے بینکوں ، ایس ای سی پی اور خصوصی افرادکے نمائندوں پر مشتمل ایک ورکنگ گروپ تشکیل دیا جائے گا ۔ چیئر مین بینکس ایسوسی ایشن نے کہاکہ خصوصی افراد کیلئے قابل رسا 525 برانچیں مکمل ہوچکی جبکہ 1100 افراد کو مالی امداد فراہم کی گئی ہے ، ملک بھر میں 151 ٹاکنگ اے ٹی ایم لگائے گئے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ بینکنگ سیکٹر خصوصی افراد کی سہولت اور مالی شمولیت کے لئے کوششوں کی حمایت جاری رکھے گے۔