حریت کانفرنس کی میر واعظ عمر فاروق کی مسلسل گھر میں نظربندی کی شدید مذمت

بھارتی فوجیوںکی محاصرے ،تلاشی کی بڑھتی کارروائیوںسے کشمیری عوام کی زندگیاں اجیرن ہوگئی ہیں، بیان

جمعہ 4 دسمبر 2020 20:11

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 دسمبر2020ء) بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموںوکشمیرمیںکل جماعتی حریت کانفرنس نے کہاہے کہ بھارتی فوجیوںکی محاصرے اور تلاشی کی بڑھتی ہوئی کارروائیوںنے کشمیری عوام کی زندگی اجیرن بنادی ہے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق حریت کانفرنس کے جنرل سیکریٹری مولوی بشیر احمد نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہاکہ مقبوضہ علاقے میں بھارت کی طرف سے فوجی طاقت کے وحشیانہ استعمال سمیت ظالمانہ اقدامات سے خطے میں امن و استحکام کو شدید خطرہ لاحق ہے ۔

انہوںنے کہاکہ مودی کی فسطائی بھارتی حکومت نے مقبوضہ علاقے میں آرایس ایس کا ہندتوا ایجنڈا نافذ کرنے کیلئے اپنی کوششیں تیز کر دی ہیں۔ حریت کانفرنس کے جنرل سیکریٹری نے کہاکہ فرقہ پرست بھارتی حکومت اپنے غیر قانونی زیر تسلط جموںوکشمیر کی مسلم اکثریتی شناخت کو تبدیل کرنے کیلئے ایک منصوبہ بند سازش کے تحت مقبوضہ علاقے پر حملہ کر رہی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے واضح کیاکہ بھارت کشمیریوںکی جدوجہد آزادی کو کمزور کرنے میں کبھی کامیاب نہیں ہو گا اور کشمیری عوام اپنی جدوجہد آزاد ی کو اسکے منطقی انجام تک جاری رکھیں گے ۔ جموںوکشمیر پیپلز لیگ کے چیف آرگنائز ر ڈاکٹر سرفراز احمد خان نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں حریت فورم کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق کی مسلسل گھر میں نظربندی کی شدید مذمت کی ۔

انہوںنے کہاکہ میر واعظ عمر فاروق5اگست2019سے مسلسل گھر میں نظربندہیں اور قابض انتظامیہ انہیں نماز جمعہ سمیت اپنے مذہبی فرائض کی ادائیگی کی بھی اجازت نہیں دے رہی ہے ۔ادھرکشمیر میڈیا سروس کی طرف سے جاری کی گئی ایک تجزیاتی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارتی حکومت 1990 میںمقبوضہ وادی سے ہجرت نہ کرنے والے کشمیری پنڈتوں کو انتقامی کارروائیوںکا نشانہ بنا رہی ہے ۔

رپورٹ کے مطابق 1990 سے تقریبا 800 پنڈت خاندان وادی کشمیرمیں اپنے مسلمان بھائیوں کے ساتھ رہائش پذیر ہیں۔ان کشمیری پنڈتوں کو مقبوضہ علاقے میں اپنے گھر نہ چھوڑنے کے اس وقت کے بھارت کی طرف سے مقرر گورنر جگموہن ملہوتراکی سازش کا شکار نہ ہونے اوربھارتی خفیہ ایجنسیوں کے ہاتھوں میں کھلونا بننے سے انکار کی سزادی جارہی ہے ۔ انٹرنیشنل فورم فار جسٹس اینڈ ہیومن رائٹس کے چیئرمین محمد احسن اونتو نے سرینگر میں ایک بیان میںمقبوضہ جموںوکشمیر اور بھارت کی مختلف جیلوں میں غیر قانونی طورپر نظربند کشمیریوںکو علاج معالجے کی سہولتوںکی عدم فراہمی پر افسوس ظاپر کیا ہے ۔

حال ہی میں قائم ہونے والی نیوز پیپرز کوآرڈینیشن کمیٹی نے مقبوضہ علاقے میں ذرایع ابلاغ کے خلاف قابض انتظامیہ کی ظالمانہ پالیسی کے خلاف مشترکہ جدوجہد کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے ۔سرینگر پریس کلب میں تقریبا تمام روزناموں اور ہفتہ روزوںکے ایڈیٹرز ور پبلشرز کے غیر معمولی اجلاس میں کمیٹی تشکیل دی گئی ۔ اجلاس میںقابض انتظامیہ کی طر ف سے صحافیوںخاص طورپر مالکان ،پبلشرز اور ایڈیٹرزکو مسلسل ہراساں کئے جانے کے مسئلے پر غور کیا گیا۔

ضلع اسلام آباد کے علاقے ساگام میں نامعلوم مسلح افراد نے ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ کونسل کے انتخابات کے ایک امیدوار پر فائرنگ کر کے اسے زخمی کردیا۔اسلام آباد میں جموںوکشمیر سیلف ڈیٹرمی نیشن موومنٹ انٹرنیشنل کے زیر اہتمام منعقدہ ایک سیمینار کے مقررین نے مقبوضہ جموںوکشمیرمیں کشمیریوںپر بھارت کے ظلم و تشدد کی شدید مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ مقبوضہ علاقے میں ظالمانہ کارروائیوں پر بھارت کو جواب دہ بنائے۔کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموںوکشمیر شاخ نے بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموںوکشمیرمیں بڑھتی ہوئی بھارتی ریاستی دہشت گردی کے خلاف اسلام آباد میں نیشنل پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا ۔