کراچی کے مزید علاقوں میں لاک ڈاؤن کا فیصلہ, کاروبار بند

ضلع غربی کے علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن میں توسیع، 5 دسمبر سے 18 دسمبر تک 5سب ڈویژنز میں مائیکرو اور اسمارٹ لاک ڈاؤن لگے گا

Shehryar Abbasi شہریار عباسی جمعہ 4 دسمبر 2020 21:06

کراچی کے مزید علاقوں میں لاک ڈاؤن کا فیصلہ, کاروبار بند
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 04 دسمبر2020ء) کراچی کے ضلع غربی سمیت 5 سب ڈویژنز میں مائیکرو اور اسمارٹ لاک ڈاؤن لگانے کا فیصلہ۔ تفصیلات کے مطابق کورونا کےبڑھتےکیسز کی وجہ سے کراچی کے مزید علاقوں میں لاک ڈاؤن لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔کراچی میں ضلع غربی کے علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن میں توسیع کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ کرونا کیسز پر 5سب ڈویژنز میں مائیکرو اور اسمارٹ لاک ڈاؤن لگے گا جس کا اطلاق آج رات 12بجے سے ہوگا۔

اس حوالے سے جاری نوٹیفکیشن کےمطابق کل یعنی 5 دسمبر سے 18 دسمبر تک بلدیہ ٹاؤن، اورنگی، گڈاپ اور کیماڑی کے مخصوص علاقوں میں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن رہے گا۔اسمارٹ لاک ڈاؤن والے علاقوں میں اسلام نگر، فرنٹیئر کالونی، سعیدآباد، مہاجرکیمپ، معمارآباد، یوسف گوٹھ، کیماڑی، داتانگر،حنیف آباد، پاک کالونی، میٹروول اور بوانی چالی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں مزید 3 ہزار 262 افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے، اس طرح پاکستان میں کورونا کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 4 لاکھ 10 ہزار 072 ہوگئی ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اب تک سندھ میں ایک لاکھ 79 ہزار 240، پنجاب میں ایک لاکھ 21 ہزار 753، خیبر پختونخوا میں 48 ہزار 264، اسلام آباد میں 31 ہزار 639، بلوچستان میں 17 ہزار 333، آزاد کشمیر میں 7 ہزار 151 اور گلگت بلتستان میں 4 ہزار 692 افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اس وقت ملک بھر میں کورونا کے فعال مریضوں کی تعداد 51 ہزار 507 ہوگئی ہے، جن میں سے 2 ہزار 395 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا سے مزید 55 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں جس کے بعد اب اس وبا سے جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 8 ہزار 260 ہوگئی ہے۔این سی او سی کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 3 ہزار 354 افراد نے کورونا کو شکست دے دی ہے جس کے بعد اس وبا کے خلاف جاری جنگ جیتنے والے افراد کی تعداد 3 لاکھ 50 ہزار 305 ہوگئی ہے۔