جو بھی ٹھیک کرے ملک عمران خان کے نعرے سے ہی ٹھیک ہوگا

یہ الگ بات عمران خان اس نعرے پر پورا نہیں اترے، لوٹی دولت واپس لاؤ اور ادارے ٹھیک کرو، ملک نے اسی نعرے سے ٹھیک ہونا ہے۔ سینئر تجزیہ کار ڈاکٹر شاہد مسعود

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 4 دسمبر 2020 21:17

جو بھی ٹھیک کرے ملک عمران خان کے نعرے سے ہی ٹھیک ہوگا
لاہور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 04 دسمبر2020ء) سینئر تجزیہ کار ڈاکٹر شاہد مسعود نے کہا ہے کہ ملک عمران خان کے نعرے سے ہی ٹھیک ہوگا، یہ الگ بات عمران خان اس نعرے پر پورا نہیں اترے، لوٹی دولت واپس لاؤ اور ادارے ٹھیک کرو، ملک نے اسی نعرے سے ٹھیک ہونا ہے۔ انہوں نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں نے عمران خان کو ٹارگٹ بنا لیا ہے کہ جیسے ساری مصیبتیں عمران خان نے پیدا کی ہیں، عمران خان ایک نعرہ لے کر چلے تھے ، یہ ملک اسی نعرے سے ٹھیک ہوگا، چاہے کوئی بھی ٹھیک کرے، لوٹی دولت کو واپس لاؤ، ادارے ٹھیک کرو، اقرباء پروری کو ختم کرو۔

یہ الگ بات عمران خان اس نعرے پر پورا نہیں اترے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ پورٹل کیا چیز ہے؟ کووڈ کے پورٹل سے لوگوں کو ویکسین ملے گی، گھروں میں لوگوں کو روٹی مل جائے گی، یہ پورٹل جس کا عمران خان افتتاح کررہے ہیں ، یہ پتا نہیں کس نے پیسے بنانے کیلئے عمران خان کو مشورہ دیا ، آئیڈیا دینے والے پیسے بنا کر چلے گئے ہیں۔

(جاری ہے)


واضح رہے وزیراعظم عمران خان نے ریڈیو سکول اور ایجوکیشن پورٹل کا افتتاح کیا اور کہا کہ یکساں نظام تعلیم سے ایک قوم بننے میں مدد ملے گی، اردو، انگریزی اور مدرسوں کے نظام سے تقسیم پیدا ہوئی، یہ نظام پاکستانیت ختم کررہا ہے، مدرسوں کو مین سٹریم میں لائیں گے، یکساں نصاب میرے لیے ایک انقلاب ہے۔

 اسی طرح وزیر اعظم عمران خان نے سیٹزن پورٹل کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انگریزوں سے آزادی کے بعد بھی ذہنیت تبدیل نہیں ہوئی۔ سیٹزن پورٹل سے پتا چلا کہ مقامی حکومتوں کا نظام ٹھیک نہیں چل رہا،آئندہ بلدیاتی انتخابات میں لاہور، کراچی، پشاور کے الگ الیکشن ہوں گے، ان کی اپنی حکومتیں بنیں گی،یہ حکومتیں برطانیہ کی طرز پر کام کریں گی۔