سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کی دوستی کی ایک اور مثال سامنے آ گئی

سعودی آرٹسٹ عہود عبداللہ نے دُنیا کی سب سے بڑی پینٹنگ بنا ڈالی جس میں سعودیہ کے بانی شاہ عبدالعزیز اور امارات کے بانی شیخ زاید بن سلطان النہیان کو دکھایا گیا ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 5 دسمبر 2020 10:48

سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کی دوستی کی ایک اور مثال سامنے آ گئی
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔5 دسمبر2020ء) سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کی دوستی کی دُنیا بھر میں مثالیں دی جاتی ہیں، تمام علاقائی و بین الاقوامی معاملات پر دونوں ممالک کا ہمیشہ ایک ہی موقف ہوتا ہے۔ ان میں سے ایک ملک کا دُشمن دوسرے کا بھی دُشمن خیال کیا جاتا ہے۔ دونوں خلیجی ممالک کی محبت اور اخوت کو اُجاگر کرنے کی خاطر ایک سعودی خاتون آرٹسٹ عہود عبداللہ نے دُنیا کی سب سے بڑی پینٹنگ بنا لی جسے گینز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں شامل کر لیا گیا ہے۔

’ایک لڑی‘ کے نام سے تیار کردہ اس پینٹنگ میں سعودی عرب کے بانی شاہ عبدالعزیز بن السعود بن آل سعود اور متحدہ عرب امارات کے بانی شیخ زاید بن سلطان النہیان کو دکھایا گیا ہے۔ عہود عبداللہ نے دُنیا کی یہ سب سے بڑی پینٹنگ جدہ شہر کے النورس سکوائر میں تیار کی ہے۔

(جاری ہے)

جو اس نے امارات کے 49 ویں قومی دن کے موقع پر اماراتی قیادت کو تحفے کے طور پرپیش کر دی ہے۔

عہود نے بتایا کہ یہ پینٹنگ تیار کرتے وقت اس نے خادم الحرمین الشریفین کے مشیر شہزادہ خالد الفیصل کے اس مشہور قول کو سامنے رکھا کہ’سعودی اماراتی اور اماراتی سعودی ہیں۔‘ان کے الفاظ دونوں برادر اسلامی ممالک کی قربت اور دونوں قوموں کے درمیان تاریخی اور ثقافتی تعلقات کی بہترین انداز میں عکاسی کرتے ہیں۔عہود کو اس پینٹنگ کی تیاری میں 45 دن لگے جس دوران وہ دن رات اس پر کام کرتی رہی۔اس پینٹنگ کا سائز 221 مربع میٹر ہے جس میں سے 60 میٹر پر کافی کا استعمال کیا گیا ہے۔