بحرین اسرائیل کے زیر قبضہ فلسطینی علاقوں سے سامان نہیں خریدے گا

بحرینی وزارت صنعت و تجارت نے تردیدی بیان میں کہا ہے کہ بحرین مغربی کنارے اور گولان کی پہاڑیوں پر اسرائیلی آباد کاری کو تسلیم نہیں کرتا

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 5 دسمبر 2020 11:23

بحرین اسرائیل کے زیر قبضہ فلسطینی علاقوں سے سامان نہیں خریدے گا
منامہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔5 دسمبر2020ء) بحرینی وزارت صنعت وتجارت نے بحرینی وزیرخارجہ کے دو روز قبل جاری ہونے والے بیان کی تردید کر دی ہے جس کی بناء پر فلسطین اور کئی اسلامی ممالک کی بحرینی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ بحرینی وزیر خارجہ زید بن راشد الزیانی نے دورہ اسرائیل کے دوران ایک اسرائیلی صحافی کو دیئے گئے انٹرویو میں کہا تھا کہ بحرین اسرائیل اور مقبوضہ و متنازعہ مغربی کنارے میں تیا ر ہونے والی مصنوعات کو اسرائیلی مصنوعات ہی تسلیم کرتا ہے ، اور اس میں کسی قسم کا فرق نہیں سمجھتا۔

اس بیان پر بحرینی وزیر خارجہ کو انتہائی شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔ جس کے بعد بحرینی وزیر صنعت و تجارت و سیاحت کے سرکاری ذرائع نے تردیدی بیان جاری کرتے ہوئے کیا کہ کہ وزیر خارجہ زید بن راشد الزیانی نے مغربی کنارے کی متنازعہ حیثیت پر اسرائیلی قبضے کو ہرگز تسلیم نہیں کیا۔

(جاری ہے)

ان کے بیان کو غلط انداز میں پیش کیا گیا جس کے باعث یہ ساری غلط فہمی پیدا ہوئی۔

وزارت کے ذرائع نے دریائے اردن کے مغربی کنارے میں قائم اسرائیلی کارخانوں میں تیار ہونے والی مصنوعات کی خریداری اور ان کی بحرین درآمد کے بارے میں موقف کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ بحرینی حکومت نے متنازعہ کالونیوں میں قائم کارخانوں کی مصنوعات خریدنے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے۔اور نہ ہی ایسا کوئی ارادہ ہے۔ وزیر خارجہ کے بیان کو غلط انداز میں پیش کیا گیا۔ بحرین اقوام متحدہ، عرب لیگ اور او آئی سی کے فیصلوں کی تائید کرتا ہے اورمغربی کنارے اور شام کی گولان پہاڑیوں پر اسرائیلی آباد کاری کے معاملے میں اپنے پرانے موقف پر قائم ہے۔