''حلف لیں کہ آپ نہ صرف خود جلسے میں شریک ہوں بلکہ اپنے ساتھ اپنے دوستوں اور قریبی رشتہ داروں کو بھی جلسے میں ضرور لائیں گے''

ن لیگ نے جلسے میں شرکت کے لیے عوام سے حلف لینا شروع کر دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 5 دسمبر 2020 11:36

''حلف لیں کہ آپ نہ صرف خود جلسے میں شریک ہوں بلکہ اپنے ساتھ اپنے دوستوں ..
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 05 دسمبر 2020ء) : پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے 13 دسمبر کے جلسے کو کامیاب بنانے کے لیے میزبان جماعت مسلم لیگ ن نے عوامی رابطہ مہم تیز کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ یہی نہیں بلکہ کارکنان اور عوام سے جلسے میں شرکت کے لیے حلف بھی لیا جا رہا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کی جانب سے لاہور بھر کے منتخب قومی و صوبائی ارکان کو خصوصی ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں جا کر عوام کو 13 دسمبر کو مینار پاکستان میں شیڈول جلسے میں ہر حال میں شریک ہونے کے لیے قائل کریں۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق مسلم لیگ ن نے فیصلہ کیا ہے کہ 13 دسمبر کے جلسے کو کامیاب بنانے کے لیے اس ضمن میں بلدیاتی انتخابات میں کامیاب ہونے والے چیئرمینوں، وائس چیئرمینوں اور کونسلرز کی بھی خدمات حاصل کی جائیں گی اور انہیں خصوصی ہدایات جاری کی جائیں گی کہ وہ نہ صرف اپنے طور پر کارنر میٹنگز کا اہتمام کریں بلکہ گھر گھر جا کر لوگوں کو جلسے میں آنے کے لئے قائل کریں۔

(جاری ہے)

دوسری جانب مسلم لیگ ن کی مرکزی قیادت لاہور میں ہی موجود ہے اور شہر میں جلسے کرنے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ ان جلسوں میں مسلم لیگ ن کے خواجہ سعد رفیق، سردار ایاز صادق، عطاء اللہ تارڑ، میاں محسن لطیف، رانا مشہود احمد خان خاصے متحرک دکھائے دے رہے ہیں۔ ان جلسوں میں شریک کارکنوں اور عوام سے حلف بھی لیا جا رہا ہے کہ وہ نہ صرف خود جلسے میں شریک ہوں بلکہ اپنے ساتھ اپنے دوستوں اور قریبی رشتہ داروں کو بھی جلسے میں ضرور لائیں۔

یاد رہے کہ 13 دسمبر کے جلسے کو کامیاب بنانے کے لیے مسلم لیگ ن نے شہر بھر میں ریلیاں نکالنے کا فیصلہ کیا تھا جبکہ عوامی رابطہ مہم بھی تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اگلے مرحلے میں7 دسمبر سے لاہور بھر میں مسلم لیگ ن کی جانب سے ریلیاں بھی نکالی جائیں گی۔ زیادہ تر ریلیوں کی قیادت مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز خود کریں گی۔