امریکی کمپنی موڈرنا کی کورونا ویکسین صرف تین ماہ کے لیے مؤثر ہو گی

موڈرنا کمپنی کی ویکسین کو 17 دسمبر کو منظوری ملنے کا قوی امکان ہے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 5 دسمبر 2020 13:14

امریکی کمپنی موڈرنا کی کورونا ویکسین صرف تین ماہ کے لیے مؤثر ہو گی
واشنگٹن (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 05 دسمبر 2020ء) : امریکی کمپنی موڈرنا کی کورونا ویکسین صرف تین ماہ کے لیے مؤثر ہو گی۔ تفصیلات کے مطابق امریکہ کے نیشنل انسٹی ٹیوٹ فار الرجیز اینڈ انفیکشئیس ڈیزیز (این آئی اے آئی ڈی) میں موجود محققین نے دعویٰ کیا ہے کہ موڈرنا کی کورونا وائرس ویکسین mRNA-1273 سے جو اینٹی باڈیز بنتی ہیں وہ صرف تین ماہ تک جسم میں رہتی ہیں۔

نیشنل انسٹی ٹیوٹ فار الرجیز اینڈ انفیکشئیس ڈیزیز (این آئی اے آئی ڈی) میں موجود محققین نے یہ دعویٰ موڈرنا کی ویکسین کے کلینیکل ٹرائل کے پہلے مرحلے میں 34 افراد پر اس ویکسین کے اثرات کو دیکھنے کے بعد کیا۔ تمام افراد کو 28 دن کے وقفے سے دو شاٹس لگائے گئے۔ نیشنل انسٹی ٹیوٹ فار الرجیز اینڈ انفیکشئیس ڈیزیز (این آئی اے آئی ڈی) کی تحقیق جسے حال ہی میں نیو انگلینڈ جرنل آف میڈیسن میں بھی شائع کیا گیا ، کے مطابق، وہ اینٹی باڈیز جو SARS-CoV-2 وائرس کو انسانی خلیوں میں داخل ہونے سے روکتی ہے، وقت کے ساتھ ساتھ اپنا اثر کھو دیتی ہے، لیکن تمام افراد میں یہ ویکسین 3 ماہ تک مؤثر رہی۔

(جاری ہے)

نیشنل انسٹی ٹیوٹ فار الرجیز اینڈ انفیکشئیس ڈیزیز (این آئی اے آئی ڈی) کے ڈائریکٹر کا کہنا ہے کہ اس بات کا قوی امکان ہے کہ موڈرنا کی ویکسین کے بعد جسم کی قوت مدافعت کورونا وائرس کو لمبے عرصہ تک یاد رکھے گی اور مستقبل میں کورونا وائرس کے جسم میں دوبارہ داخل ہونے کی کوشش پر اینٹی باڈیز بنائے گی۔ موڈرنا کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کا کہنا ہے کہ کمپنی نے باقاعدہ طور پر mRNA-1273 ویکسین کو امریکہ کے فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن کو جمع کروادیا ہے جس کا نتیجہ 17 دسمبر کو آئے گا اور اُمید کی جا رہی ہے کہ اس ویکسین کو منظوری مل جائے گی۔

دریں اثناء موڈرنا نے اپنی ویکسین کی قیمت کا اعلان بھی کر رکھا ہے۔ موڈرنا نے حکومت کی جانب سے دئے گئے آرڈر کو مد نظر رکھتے ہوئے ویکسین کی ایک خوراک 25 سے 37 ڈالر کے درمیان حکومت کو فروخت کرنے کا فیصلہ کیا۔