بیوی سے جھگڑا ، سنگدل باپ نے 5 بچوں کو نہر میں پھینک دیا

ریسکیو اہلکاروں نے 2 بچوں کی لاشیں نہر سے نکال لیں ، دیگر کا کچھ پتہ نہ چلا

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 5 دسمبر 2020 14:25

بیوی سے جھگڑا ، سنگدل باپ نے 5 بچوں کو نہر میں پھینک دیا
قصور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 05 دسمبر2020ء) صوبہ پنجاب کے شہر قصور میں ایک سنگدل باپ نے اپنے 5 بچوں کو نہر میں پھیک دیا۔ تفصیلات کے مطابق ریسکیو ذرائع کو واقعے کی اطلاع ملی تو انہوں نے فوری طورپر موقع پر پہنچ کر 2 بچوں کی لاشیں نہر سے نکال لیں جب کہ دیگر کی تلاش شروع کردی گئی۔ بتایا گیا ہے کہ باپ کی طرف سے یہ اقدام بچوں کی ماں کے ساتھ ہونے والے کسی گھریلو جھگڑے کی وجہ سے اٹھایا گیا۔

اس سے پہلے  تھانہ سرائے مغل کے علاقہ میں ہیڈبلوکی نہرمیں کود کر گھریلو ناچاقی سے دلبرداشتہ ہوکر ایک جواں سالہ لڑکی نے خودکشی کرلی۔ججہ کلاں کی رہائشی 20سالہ مریم بی بی کا کسی بات پر گھر میں جھگڑا ہوا جس پر اس کے والدین نے اس کی ڈانٹ ڈپٹ کی جس سے دلبرداشتہ ہوکر اس نے ہیڈبلوکی نہرمیں چھلانگ لگاکر اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا‘ریسکیو 1122 کا عملہ تاحال نعش کونہیں ڈھونڈ سکا۔

(جاری ہے)

پولیس تھانہ سرائے مغل مصروف کارروائی ہے۔دوسری طرف اوکاڑہ کے قریب جوان مرد عورت نے مبینہ طور پر گھر والوں کی جانب سے محبت کی مخالفت پر نہر میں چھلانگ لگا کر خودکشی کی کوشش کی تاہم دونوں کو زندہ ریسکیو کر لیا گیا ، سمندری سے تعلق رکھنے والے محمد علی اور فیصل آباد کی غلام ظہراں نے اوکاڑہ کے علاقے رینالہ خورد کی نہر میں چھلانگ لگا کر جان دینے کی کوشش کی ،مبینہ طور پر علی نہر میں چھلانگ لگانے کے بعد قریبی کنارے پر پہنچ کر بھاگنے میں کامیاب ہوگیا تاہم ظہران نہر میں بہتی رہی ،ظہران کو ریسکیو ٹیم نے نہر سے بیہوشی کی حالت میں نکالا ، عورت کے بیان کے بعد ریسکیو ٹیم نے علی کی نہر میں تلاش بند کر دی۔

پولیس کے مطابق دونوں نے نہر میں خودکشی کی نیت سے چھلانگ لگائی، عورت نے ہوش میں آنے کے بعد پولیس کو بیان دیا کہ میں نے اپنے محبوب علی کے ہمراہ نہر میں چھلانگ لگائی تھی، مگر علی قریبی نہر کنارے تک پہنچنے میں کامیاب ہوگیا اور میں ڈوب گئی ،پولیس نے اقدام خودکشی کے جرم کے تحت جوڑے کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔جبکہ خاتون کو طبی امداد کے لیے لئے رورل ہیلتھ سنٹر رینالہ منتقل کیا گیا