برطانیہ کے بعد بحرین نے بھی کورونا ویکسین کے استعمال کی منظوری دے دی

ہفتہ 5 دسمبر 2020 16:34

برطانیہ کے بعد بحرین نے بھی کورونا ویکسین کے استعمال کی منظوری دے دی
لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 دسمبر2020ء) برطانیہ کے بعد بحرین نے بھی کورونا ویکسین کے استعمال کی منظوری دے دی۔امریکی کمپنی فائزر اور جرمن کمپنی بائیو این ٹیک کی کورونا ویکسی نیشن کے استعمال کی منظوری کے بعد بحرین برطانیہ کے بعد دنیا کا دوسرا ملک بن گیا ہے ،اس سے قبل دنیا بھر میں سب سے پہلے گزشتہ دنوں برطانیہ نے ان کمپنیوں کی کورونا ویکسین کے وسیع پیمانے پر استعمال کی منظوری دی ہے اور برطانیہ میں ویکسی نیشن کا آغاز آئندہ ہفتے سے ہوگا۔

بحرین کی قومی ہیلتھ اتھارٹی کے مطابق کورونا کی ویکسین سب سے پہلے ہائی رسک گروپوں کو دی جائے گی۔عرب میڈیا کے مطابق حکام نے فی الحال یہ نہیں بتایا کہ بحرین کورونا کی کتنی ویکسین خریدے اور ویکسی نیشن کا عمل کب سے شروع کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

عرب میڈیا کے مطابق بحرین پہلے ہی ایمرجنسی کے لیے چین کی ویکسین کے استعمال کی بھی منظوری دے چکا ہے۔بحرین کی قومی ہیلتھ ریگولیٹری اتھارٹی کی سربراہ کا کہنا تھا کہ فائزر اور بائیو این ٹیک کی ویکسین ملک میں کورونا کیخلاف رد عمل میں اہم ثابت ہوگی۔

سرکاری حکام کے مطابق 1.6 ملین کی آبادی پر مشتمل بحرین میں اب تک کورونا کے 87 ہزار کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں اور 341 ہلاکتیں ہوئی ہیں ، 85 ہزار سے زائد افراد وائرس سے صحتیاب بھی ہوچکے ہیں۔دوسری جانب بائیو این ٹیک کے مطابق کمپنی اب تک دنیا بھر میں آئندہ سال کے لیے 570 ملین خوراکوں کے معاہدے کرچکی ہے جس میں مزید 600 خوراکوں کی ترسیل کا آپشن بھی شامل ہے۔کمپنی نے 2021 میں کم از کم 1.3 بلین ویکسین سپلائی کرنے کی امید ظاہر کی ہے۔