Live Updates

وزیر اعظم نے ہمیشہ کمزور طبقہ کی بات کی، تحریک انصاف کا مشن معاشرے کے پسے ہوئے اور کمزور طبقہ کو اوپر اٹھانا ہے‘ فردوس عاشق اعوان

وزیر اعلیٰ پنجاب نے ریاست مدینہ کے ماڈل پر صوبہ میں فلاحی منصوبوں کا آغاز کیا ہے، تاریخ میںپہلی مرتبہ سپیشل ایجوکیشن پالیسی منظور ہوئی محکمہ سپیشل ایجوکیشن میں 585 اساتذہ بھرتی کئے، خصوصی طلباء کو فری سفری سہولت کی فراہمی کیلئے رواں سال 51 بسیں خریدی گئیں

ہفتہ 5 دسمبر 2020 19:40

وزیر اعظم نے ہمیشہ کمزور طبقہ کی بات کی، تحریک انصاف کا مشن معاشرے کے ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 دسمبر2020ء) خصوصی افراد کے حوالے سے لاہور کے مقامی ہوٹل میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ یہ صحت مند انسانوں کی ذمہ داری ہے کہ معذور اور مجبور افراد کی زندگی میں آسانیاں پیدا کریں۔ جو دوسروں کیلئے زندہ رہتا ہے وہ کبھی نہیں مرتا۔

وزیر اعظم عمران خان نے ہمیشہ کمزور طبقہ کی بات کی۔ تحریک انصاف کا مشن معاشرے کے پسے ہوئے اور کمزور طبقہ کو اوپر اٹھانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی تمام پالیسوں کا محور اور مرکز کمزور افراد ہیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے ریاست مدینہ کے ماڈل پر صوبہ میں فلاحی منصوبوں کا آغاز کیا ہے۔ خصوصی بچوں کے حوالے سے حکومتی اقدامات پر بات کرتے ہوئے معاون خصوصی نے کہا کہ پنجاب کی تاریخ میں پہلی مرتبہ سپیشل ایجوکیشن پالیسی منظور ہوئی جس میں خصوصی بچوں کی تعلیم، صحت اور دیگر سہولیات کے حوالے سے جامع حکمت عملی مرتب کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پنجاب پبلک سروس کمیشن کے ذریعے محکمہ سپیشل ایجوکیشن میں 585 اساتذہ بھرتی کئے جبکہ خصوصی طلباء کو فری سفری سہولت کی فراہمی کیلئے رواں سال 33 کروڑ کی لاگت سے 51 بسیں جبکہ گزشتہ سال 12 بسیں فراہم کیں۔ حکومت نے مظفر گڑھ، راولپنڈی، بھکر، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، شیخوپورہ، خانیوال اور لیہ میں 9نئے سپیشل ایجوکیشن سینٹر قائم کئے ہیں جبکہ ساہیوال اور بہاولپور میں بچیوں کیلئے سیکنڈری سکول اور سرگودھا اور ڈی جی خان میں ڈگری کالج قائم کئے گئے ہیں۔

معاون خصوصی نے کہا کہ حکومت نے پنجاب کے 14 اضلاع میں سپیشل ایجوکیشن اداروں کو اپ گریڈ کیا ہے۔ صوبہ کے 147 خصوصی تعلیم کے اداروں کی لائبریریوں میں ا یک کروڑ 40 لاکھ کی لاگت سے کتابیں فراہم کی گئی ہیں۔ خصوصی بچوں کے لئے جدید کورس متعارف کر وارہے ہیں جن میں انفارمیشن ٹیکنالوجی اور فرانزک سائنس کی تعلیم فراہم کی جائے گی تاکہ یہ بچے معاشرے کے کارآمد شہری بنیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب خصوصی طلباء کو 800 روپے ماہانہ وظیفہ، فری پک اینڈ ڈراپ کی سہولت، یونیفارم، ہاسٹل کی سہولت کے ساتھ فری کتابیں فراہم کر رہی ہے۔ بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فردوس نے کہا کہ مریم نواز روز کہتی ہیں حکومت جانے والی ہے، حکومت کہیں نہیں جا رہی ہے بلکہ مریم بی بی ضمانت خارج ہونے پر جیل جا رہی ہیں۔ ذہنی اور جسمانی معذوری تو قدرت کی طرف سے ہے مگر اخلاقی معذوری انسان کی بربادی کا سبب بنتی ہے۔

پی ڈی ایم کی ساری قیادت سیاسی اور اخلاقی معذوری کا شکار ہے۔ یہ لوگ ملک دشمنی میں اس حد تک گر چکے ہیں کہ اپنے ناپاک عزائم کی خاطر اپنے ہی کارکنوں کی جانوں سے کھیل رہے ہیں۔ عوام نے لوٹ مار کرنے والے دو خاندانوں کو مسترد کیا اب یہ کرونا پھیلاکر عوام سے بدلہ لے رہے ہیں۔ اپوزیشن جلسے حکومت مخالف نہیں بلکہ عوام مخالف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں برسوں اقتدار میں رہنے والی سیاسی جماعتوں نے ملکی معیشت، اداروں اور سیاسی نظام کو اپاہج اور عوام کو سیاسی غلام بنایا ہوا تھا۔

وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں اداروں اورعوام کو سیاسی غلامی سے آزاد کروانے نکلے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مینڈیٹ سے بنی آئینی حکومت کے سامنے اپوزیشن کی گیڈر بھپکیوں کا کوئی فائدہ نہیں۔پیپلز پارٹی اور ن لیگ کا دور اقتدار بد ترین تھا۔ انہوں نے معیشت، جمہوریت اور اداروں کو اپاہج بنا دیا اورآج بھی ریاستی اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی سے باز نہیں آ رہے۔ اپوزیشن عوام کو اپنی خواہشات کا اندھن بنانا چاہتی ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات