برادر اسلامی عرب ممالک کے درمیان تعلقات کی بحالی کی تمام کوششوں کا خیر مقدم کرتے ہیں، حافظ طاہر اشرفی

امیر کویت نواف الاحمد جابر الصباح کی طرف سے خلیجی ممالک کے درمیان تعلقات کی بحالی کی کوششیں قابل ستائش عمل ہے، بیان

ہفتہ 5 دسمبر 2020 22:36

برادر اسلامی عرب ممالک کے درمیان تعلقات کی بحالی کی تمام کوششوں کا ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 دسمبر2020ء) چیئرمین پاکستان علماء کونسل و نمائندہ خصوصی وزیر اعظم برائے بین المذاہب ہم آہنگی و مشرق وسطیٰ حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ برادر اسلامی عرب ممالک کے درمیان تعلقات کی بحالی کی تمام کوششوں کا خیر مقدم کرتے ہیں، امیر کویت نواف الاحمد جابر الصباح کی طرف سے خلیجی ممالک کے درمیان تعلقات کی بحالی کی کوششیں قابل ستائش عمل ہے،سعودی عرب ، قطر اور دیگر خلیجی عرب اسلامی ممالک کی طرف سے برادر اسلامی ممالک میں معاملات کی اصلاح کی کوششوں کا خیر مقدم امت مسلمہ کیلئے نوید صبح ہے۔

اپنے بیان میںانہوں نے کہا کہ پاکستان کی ہمیشہ کوشش رہی ہے کہ اسلامی ممالک کے درمیان غلط فہمیاں دور ہوں اور امت مسلمہ وحدت اور اتحاد سے مسئلہ کشمیر تا فلسطین اور دیگر امور کو حل کرے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ خلیجی عرب ممالک کے درمیان مفاہمت کیلئے امیر کویت کا کردار مستحسن ہے اور تمام اسلامی عرب ممالک کی طرف سے اس کی تائید سے مسائل کے حل میں مدد ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے برادر اسلامی عرب ممالک کے ساتھ ہر مرحلہ پر کھڑا ہے اور پاکستان کے عرب اسلامی ممالک کے ساتھ تعلقات میں مسلسل بہتری آ رہی ہے۔ پاکستان کسی بھی دوست ملک کی داخلہ و خارجہ پالیسی میں نہ مداخلت کرتا ہے اور نہ ہی اپنی داخلہ و خارجہ پالیسی میں کسی کو مداخلت اور دبائو کی اجازت دیتا ہے، ہم امید کرتے ہیں کہ امیر کویت کی کوششوں کے نتیجہ میں خلیجی عرب ممالک کے تعلقات بہتر ہوں گے اور مسائل کو حل کر لیا جائے گا۔