Live Updates

بات عمران خان پر نہیں، آئین و قانون کی حکمرانی پر ختم ہوگی

قسم کھا کر کہتا ہوں اس نظام کو نہیں چلنے دیں گے، اسمبلیوں سے استعفے دینا معمولی قیمت ہے، ن لیگ ، پیپلزپارٹی اور جے یوآئی ف کے ملا کر 130بنتے ہیں، پی ٹی آئی ارکان کو پتا چل گیا اسمبلیاں چلنے والی نہیں ہیں۔ن لیگی رہنماؤں خواجہ سعد رفیق اور خواجہ آصف کاخطاب

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 8 دسمبر 2020 20:05

بات عمران خان پر نہیں، آئین و قانون کی حکمرانی پر ختم ہوگی
لاہور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 دسمبر2020ء) پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر مرکزی رہنماؤں نے کہا ہے کہ بات عمران خان پر نہیں، آئین و قانون کی حکمرانی پر ختم ہوگی،قسم کھا کر کہتا ہوں اس نظام کو نہیں چلنے دیں گے، اسمبلیوں سے استعفے دینا معمولی قیمت ہے،ان اسمبلیوں میں بیٹھنا گنا ہ ہے، لاہورکے ببر شیرو!لسی اور کلچہ چھوڑ کر ،13دسمبر کے جلسے میں آنا ہے۔

لاہور میں ورکرز کنونشن سے سردار ایا زصادق، خواجہ سعد رفیق اور خواجہ آصف خطاب کر رہے تھے۔خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ملک میں مہنگائی اور غربت بڑھ رہی ہے، حکومت کارکردگی دکھاتی تو برداشت کیا جاسکتا تھا، اس تبدیلی کو ہم تسلیم نہیں کرتے۔انہوں نے کہا کہ سب سے بڑا ٹھگ کون ہے؟ ٹھگو سنو، ٹی وی پر پروپیگنڈا کرکے ، چند بکاؤ اینکرز کو استعمال کرکے ججوں پر دباؤ ڈال کے تم ہمیں بولنے سے روکو گے؟ہم بالکل نہیں رکیں گے، کاروان جمہوریت چل پڑا، مولانا فضل الرحمان ، بلاول بھٹو، نوازشریف ، اختر مینگل ، محمود اچکزئی، اے این پی ، ڈاکٹر مالک اور آفتاب شیرپاؤ سمیت سب جماعتیں متفق ہیں کہ عمران خان کے جانے پر بات ختم نہیں ہوگی بلکہ بات آئین وقانون کی حکمرانی پر ختم ہوگی۔

(جاری ہے)

لاہوریو، پنجابیوں، اٹھو پنجاب کی پگ پر لگے اس کو دھو ڈالو،بلوچی، سندھی اور پشتون اٹھ گئے اب پنجاب بھی اٹھ جائے۔لاہوریو!لسی اور کلچہ چھوڑو، اور ببرشیرو اٹھو، 13دسمبر کو مینارپاکستان کے اندر اور باہر لوگ ہی لوگ ہونے چاہئیں۔ جمہوریت کے پروانوں کا جم غفیر مطالبہ کرتا ہے کہ ووٹ چورو، جان چھوڑو۔ خواجہ آصف نے کہا کہ 2012ء میں ایک پریس کانفرنس کی تھی اور کہا تھا کہ عمران خان فراڈیا اور ڈبل شاہ ہے، آج پورا پاکستان کو ڈبل شاہ اوربنارسی ٹھگ کہہ رہا ہے، کس کس کے خلاف دعویٰ دائر کرے گا، حکومت نے مینارپاکستان میں ہمارا جلسہ روکنے کیلئے پانی چھوڑ دیا، استعفے کیسے روکو گے۔

ہم اس نظام کو نہیں چلنے دیں گے، قسم کھائی ہے نظام کو نیچے لائیں گے، یہ دھاندلی والا نظام ہے، پاکستان کی عوام پرمسلط کیا گیا ہے، سارے ٹھگ اس نظام میں ہیں۔خواجہ آصف نے کہا کہ ہمارے 84ممبر ہیں، پیپلزپارٹی اور جے یوآئی ف کے ملا کر 130بنتے ہیں، پی ٹی آئی ارکان کو پتا چل گیا ہے یہ اسمبلیاں چلنے والی نہیں ہیں۔ مغرب کا وقت ہے قسم کھا کر کہتا ہوں اس نظام کو نہیں چلنے دیں گے، اسمبلیوں سے استعفے بھی دینے پڑے دیں گے، یہ معمولی قیمت ہے ،استعفے معمولی بات ہے اس اسمبلی میں بیٹھنا گنا ہ ہے، بھگاریوں کی عزت ہوتی ہے، یہ تو بنارسی ٹھگ ہیں، چور دروازے سے آئے حکمران تسلیم نہیں کرتے۔نوازشریف کو اقتدار نہیں چاہیے ، وہ عوام کے ووٹ کی عزت کی جنگ لڑرہا ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات