ن لیگی رہنما کو لاہور میں پی ڈی ایم جلسے میں شرکت سے روک دیا گیا

جمیعت علمائے اسلام (ف) کی ذیلی تنظیم انصار الاسلام کے رضاکاروں نے ایم این اے ملک ریاض حسین کو جلسہ گاہ میں داخلے سے روکا

Shehryar Abbasi شہریار عباسی اتوار 13 دسمبر 2020 12:46

ن لیگی رہنما کو  لاہور میں پی ڈی ایم جلسے میں شرکت سے روک دیا گیا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین ۔ 13 دسمبر2020ء) ن لیگی رکن قومی اسمبلی ملک ریاض حسین کو لاہور میں پی ڈی ایم جلسے میں شرکت سے روک دیا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق لاہور میں ن لیگ کی میزبانی میں ہونے والے جلسے کی سیکیورٹی کی ذمہ داری جمیعت علمائے اسلام (ف) کی ذیلی تنظیم انصار الاسلام کے پاس ہے۔ انصارالاسلام کے ڈیوٹی پر مامور رضا کاروں نے ن لیگی رکن قومی اسمبلی ملک ریاض حسین کو پنڈال میں جانے سے روک دیا۔

ن لیگ کے رکن قومی اسمبلی کو اس جلسے میں شرکت سے روکا گیا جس کی میزبانی خود ان کی جماعت کررہی ہے ۔ ملک ریاض حسین نے رضاکاروں کو بتایا کہ وہ رکن قومی اسمبلی ہیں لیکن اس کے باوجود ان کو اسٹیج کی جانب نہیں جانے دیا گیا۔ یاد رہے کہ ملک ریاض حسین این اے118 لاہور ون سے ایم این اے ہیں ۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ پاکستان ڈیموکریٹ موومنٹ (پی ڈی ایم) کی جانب سے لاہور میں پاور شو کے لیے جلسہ گاہ میں پنڈال سج گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم کی جانب سےمینار پاکستان پر کیے جانے والے جلسے کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں اور پنڈال بھی تیار کیا جا چکا ہے جبکہ کارکنان کی آمد کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ منتظمین کے مطابق پنڈال میں پچاس ہزار سے زائد کرسیاں لگائی گئیں ہیں جبکہ 120 فٹ لمبا اور 60 فٹ چوڑ اسٹیج تیار کیا گیا ہے۔ جلسے کے منتظمین کا کہنا ہے کہ اسٹیج پر 80 فٹ لمبی اور 20 فٹ چوڑی اسکرین بھی لگائی جائے گی جبکہ ساؤنڈ سسٹم اور جنریٹرز بھی پنڈال میں رکھ دئیے گئے ہیں۔

جبکہ پی ڈی ایم رہنما جلسہ گاہ میں شرکت سے قبل سابق اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے گھر میں ظہرانے میں شرکت کریں، جس کے بعد ریلیوں کی شکل میں تمام لیڈر مینار پاکستان پہنچیں گے ۔ بلاول بھٹو زرداری بھی بلاول ہاؤس سے ریلی کی شکل میں مینار پاکستان پہنچیں گے ۔