ایبٹ آباد، گھر میں ڈکیتی کرنے والے 3ملزمان گرفتار، اسلحہ بر آمد

منگل 15 دسمبر 2020 21:39

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 دسمبر2020ء) ایبٹ آباد پولیس نے حویلیاں میں کارروائی کرتے ہوئے 3 ڈکیت گرفتار کر لیے ، استعمال ہونے والی 2 گاڑیاں اور اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔حویلیاں کے علاقہ سوکہ نئی آبادی جھنگڑا روڈ پر تمریز خان ولد اورنگزیب کے گھر 04 مسلح افراد ڈکیتی کی غرض سے داخل ہوئے اور گھر سے ایک لاکھ روپے نقدی لے کر فرار ہوگئے۔

اس دوران مدعی کے شور شرابے پر دورانِ فائرنگ ایک ڈاکو اپنے ہی ساتھی کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا جس کی شناخت رکن سلیم ولد صابر کے نامسے ہوئی۔ ہلاک ملزم کے قبضے سے ایک پستول بھی برآمد کی گئی۔مدعی کی رپورٹ پر تھانہ حویلیاں میں مقدمہ درج کیا گیا جس کے بعد ایبٹ آباد پولیس نے حویلیاں کے مقام پر ٹیکنیکل بنیادوں پر کارروائی کرتے ہوئے واقع میں ملوث دیگر 3 ساتھیوں عابد شاہ ولد رستم شاہ سکنہ محلہ بلال سلطان پور، عبدالحمید ولد عبدالکریم سکنہ چہان بگنوتر اور محمد خطاب ولد محمد شوکت سکنہ کھولے چونا کاری نواں شہر کو ڈرامائی انداز میں گرفتار کر لیا۔

(جاری ہے)

ملزمان سے وقوعہ میں استعمال ہونے والی سوزوکی نمبر ای4244 اور کیری ڈبہ نمبر 0374 برآمد کر لیا گیا جبکہ دوران تفتیش گرفتار ملزمان نے اہم انکشافات کیے ہیں جس پر ضلع بھر میں چھاپے مارے جا رہے ہیں۔