پاکستان ہمیشہ قائم رہیگا، بھارت کو ٹوٹتا ہوا اور پاکستان کو مضبوط ہوتا ہوا دیکھ رہے ہیں‘ مسرت جمشید چیمہ

ہمیں ففتھ جنریشن وار کا سامنا ہے جس کے تحت دشمن ہمارے اندر تقسیم ڈالنا چاہتا ہے لیکن اسے ہر بار منہ کی کھانا پڑی ہے ترجمان پنجاب حکومت کا ’’علامہ اقبال اور تصور پاکستان ‘‘ کے موضوع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب ،دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا

بدھ 16 دسمبر 2020 17:04

پاکستان ہمیشہ قائم رہیگا، بھارت کو ٹوٹتا ہوا اور پاکستان کو مضبوط ہوتا ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 دسمبر2020ء) ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت شاعر مشرق علامہ اقبال کے تصور کے مطابق پاکستان کے قیام کی جانب کامیابی سے پیشرفت کر رہی ہے ،پاکستان کے ازلی دشمن نے 16دسمبر 1971ء اور 16دسمبر 2014ء کو ہمیں جو زخم دئیے گزرتے وقت کے ساتھ اس سے مثبت چیزیں بھی سامنے آئی ہیں کہ ہم متحد ہوئے ہیں اور آج تمام اسٹیک ہولڈرز پاکستان کے دشمن کو شکست دینے کیلئے ایک پیج پر ہیں،ہمیں ففتھ جنریشن وار کا سامنا ہے جس کے تحت دشمن ہمارے اندر تقسیم ڈالنا چاہتا ہے لیکن اسے ہر بار منہ کی کھانا پڑی ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے ایوان اقبال میں ’’علامہ اقبال اور تصور پاکستان ‘‘ کے موضوع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سینیٹر ولید اقبال، ڈاکٹر سمحیہ راحیل قاضی،جنرل (ر)غلام مصطفی اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ جب ہم آج بھارت میں مسلمانوں او ردوسری اقلیتوں کا حال دیکھتے ہیں تو ہم تحریک پاکستان کے اکابرین کے شکر گزار ہوتے ہیں جو دو قومی نظریہ کاربند ہوئے اور پھر اپنی انتھک جدوجہد سے پاکستان بنا کر چھوڑا ۔

انہوں نے کہا کہ اگر ہم اپنے ازلی دشمن پر توجہ مرکوز کریں تو اس نے پاکستان کو اندرونی اور بیرونی طور پر نقصان پہنچنانے کیلئے کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیا ، سرحدوں کی خلاف ورزی کے ساتھ ہمارے ملک میں انتشار پھیلانے کیلئے سازشیں کرتا ہے ۔ اب ہمیں جو سب سے بڑا خطرہ لا حق ہے وہ ففتھ جنریشن وار ہے جس کیلئے بجٹ کی کوئی حد نہیں ، بد قسمتی سے دشمن نے ہماری کمزوریوں کو خریدا ہے اور اسے اس کیلئے آلہ کار میسر آئے ہیں ۔

یہاں بعض سرکردہ سیاسی رہنمائوں اور نام نہاد سول سوسائٹی نے تو یہاں تک کہا کہ سرحد تو ہونی ہی نہیں چاہیے لیکن پھر وقت نے ثابت کیا ان کا موقف غلط تھا ، آج ہم نہ صرف بہت اچھے طریقے سے اپنے دشمن کو پہچانتے ہیں بلکہ اس کے ہتھکنڈوں کو ناکام بنا رہے ہیں، ہمیں معلوم ہے کہ دشمن ہمیں کہاں کہاں سے کمزور کرنا چاہتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ہمیں آج یہ سوچنا چاہیے کہ علامہ اقبال کا جو تصور تھا کیا یہ وہی پاکستان ہے ، جس کے لئے تاریخ کی سب سے بڑی قربانی دی گئی ، اگر ہم غور کریں تو ہمیں زمین آسمان کا فرق نظر آتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا ایمان ہے کہ جو ملک لا الہ اللہ کے نام پر بنا وہ قائم رہنے کے لئے بنا ہے ، ہم بھارت کو ٹوٹتا ہوا اور پاکستان کو مضبوط ہوتا ہوا دیکھ رہے ہیں،ہمیں مایوس اور نا امید ہونے کی ضرورت نہیں ، آج وزیر اعظم عمران خان کی صورت میں وہ پیشرفت نظر آتی ہے جو قائد اور علامہ اقبال کا خواب تھا اور ملک کی تمام فورسز کا اس سمت میں سفر کیلئے کوئی سمجھوتہ نہ کرنا اس کی نوید ہے ۔