رکن قومی اسمبلی محمد علی وزیر کی گرفتاری قابل مذمت ہے ،بلاول بھٹو زرداری

جلسے اور عوامی ریلیاں کوئی جرم نہیں کہ اس کی بنیاد پر کسی کو گرفتار کیا جاسکے،چیئرمین پیپلزپارٹی

جمعرات 17 دسمبر 2020 17:58

رکن قومی اسمبلی محمد علی وزیر کی گرفتاری قابل مذمت ہے ،بلاول بھٹو زرداری
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 دسمبر2020ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے این اے 50 سے منتخب ہونے والے رکن قومی اسمبلی محمد علی وزیر کی گرفتاری کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے،چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پشتون تحفظ موومنٹ کے رہنما کی گرفتاری پر اپنے ایک جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ ایک منتخب رکن اسمبلی کو یوں گرفتاری کرنا جمہوری روایات کے منافی ہے، انہوں نے کہا کہ جلسے اور عوامی ریلیاں کوئی جرم نہیں کہ اس کی بنیاد پر کسی کو گرفتار کیا جاسکے،بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ عوامی نمائندوں اور سیاسی رہنماوں کے خلاف درج ہونے والا مقدمہ بے بنیاد ہے، ریاست آزادی اظہار رائے کو اگر یونہی پابند سلاسل کرتی رہی تو اس کے اچھے نتائج برآمد نہیں ہوں گے، چئیرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ دنیا میں فاشسٹ حکومتوں کا یہ وطیرہ رہا ہے کہ وہ عوام کی آواز دبانے کے لئے ان کے نمائندوں کے خلاف مقدمات کا اندراج کرتے ہیں اور ان کو گرفتار بھی کرتے ہیں، پاکستان پر مسلط کٹھ پتلی سرکار بھی اسی فسطائیت زدہ رویئے کی علمبردار بن کر جمہور کی صداوں کو جبر کے ہتھیاروں سے دبانے کی مذموم کوشش کررہی ہی-