بلو چستان عوامی پارٹی صوبے کے تمام علاقوں کی یکساں ترقی پر یقین رکھتی ہے ، ملک خدابخش لانگو، امیر محمدترین ایڈووکیٹ

وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال کی قیادت میں صوبے میں ترقیاتی کاموںکا جال بچھادیا گیاہے ترقیاتی کام کاغذوں کی بجائے زمین پر نظرآرہے ہیں ،بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنمائوں کا خطاب

جمعہ 18 دسمبر 2020 16:27

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 دسمبر2020ء) بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنماوں نے کہا ہے کہ بلو چستان عوامی پارٹی صوبے کے تمام علاقوں کی یکساں ترقی پر یقین رکھتی ہے وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال کی قیادت میں صوبے میں ترقیاتی کاموںکا جال بچھادیا گیاہے ترقیاتی کام کاغذوں کی بجائے زمین پر نظرآرہے ہیں ،بلوچستان عوامی پارٹی کارکردگی کی بنیادپرآئندہ پانچ سال بھی حکومت کریگی ،کلی شابو کے مسائل کے حل کیلئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کارلایاجائے گا علاقے کی تعمیر وترقی کیلئے کئی منصوبے پی ایس ڈی پی میں شامل کئے گئے ہیں جن پر جلد ہی کام شروع ہوجائے گا۔

یہ بات بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹری آرگنائزنگ ملک خدابخش لانگو،وزیراعلیٰ کے لائژن اسسٹنٹ امیر محمدترین ایڈووکیٹ، مصلح الدین مینگل ،حبیب اللہ خان ترین ، وڈیرہ شہزاد لانگو، ڈاکٹرغفارخاکسار،علاو الدین کاکڑ، مرزا خان خروٹی ،ڈاکٹر ممتاز ،حاجی فضل نے محمد یوسف خراسانی ، ڈاکٹر ممتازحسین ناز، محمد اعظم خمار،محمداصغر،ملک ظہورخراسانی ،غلام فاروق ، غلام نبی لانگو، رحیم بخش ،محمدسہیل ،محمد جعفر، امان اللہ ،مقبول احمد ، ظفراللہ ،منیراحمد، محمد حسن ، محمد جان ، محمد عمران ، نصراللہ سمیت دیگر سینکڑوں افراد کی بی این پی ، نیشنل پارٹی اور پاکستان پیپلز پارٹی سے مستعفی ہوکر وڈیرہ شہزادلانگو کی قیادت میں بی اے پی میں شمولیت کے موقع پر کلی شابو میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ماضی میں علاقے سے کامیاب ہونے والے ارکان اسمبلی نے حلقے کے مسائل کے حل کیلئے اقدامات نہیں اٹھائے جس کے باعث علاقہ کھنڈرات کامنظر پیش کررہا ہے علاقے میں بجلی ، گیس، نالیوں ،اسٹریٹ لائٹس ،صحت کی سہولیات نہ ہونے کی وجہ سے لوگ کسمپرسی کی زندگی بسر کرنے پر مجبور ہیں۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی عوام کی بلارنگ و نسل خدمت پر یقین رکھتی ہے یہی وجہ ہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی قیادت میں صوبے کے تمام علاقوں میں یکساں ترقیاتی اسکیمات پی ایس ڈی پی میں شامل کی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں صوبائی حکومت کی بڑھتی ہوئی مقبولیت سے خوفزدہ ہیں اورمنفی پروپیگنڈہ کررہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ عوام قوم پرست اورمذہب پرستوں کو مسترد کرکے بلوچستان عوامی پارٹی میں شامل ہورہے ہیں جو ایک نیگ شگون ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی اے پی کے رہنما وڈیرہ شہزاد لانگو کی کوششوں سے وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے موجودہ پی ایس ڈی پی میں کلی شابو کیلئے واٹر ٹینک کی تعمیر، 26گلیوں میں ٹف ٹائل اور سیوریج لائن بچھانے ،قبرستان کی چاردیواری کی اسکیمات شامل ہیں جن کے جلد ہی ٹینڈرہونے والے اوران ترقیاتی اسکیموں پرکام شروع ہوجائے گا۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی کی حکومت اپنے پانچ سال پورے کریگی اورانشاء اللہ اپنی کارکردگی کی بنیادپرآئندہ پانچ سال بھی حکومت کریگی ۔اس موقع پر بی اے پی کے مرکزی رہنما سردار حبیب اللہ خان ترین نے کلی شابو کیلئے اپنی جیب سے 15اسٹریٹ لائٹس دینے کا بھی اعلان کیا ۔مقررین نے مختلف سیاسی جماعتوں سے مستعفی ہوکر بی اے پی میں شامل ہونے والوں کو مبارکباد دیتے ہوئے امیدظاہرکی کہ وہ پارٹی کے پیغام کو گھرگھر پہنچائیں گے۔