پنجاب میں 20چھوٹے بڑے ڈیموں کے ساتھ کالا باغ ڈیم منصوبہ کو پائیہ تکمیل تک پہنچایا جائے‘کامران سیف

چھوٹی ڈیموں کی تعمیر کا فیصلہ خوش آئند ،پانی کی کمی سے زراعت و صنعت دونوں متاثر ہو تے ہیں ‘صدر عاصم مغل

جمعرات 24 دسمبر 2020 13:32

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 دسمبر2020ء) چیئرمین وائس آف ٹریڈرز میاں کامران سیف نے پنجاب حکومت کی جانب سے ورلڈ بینک سے معاہد ہ کے بعدصوبے میں 20چھوٹے بڑے ڈیم کی تعمیر کے فیصلہ کو خوش آئند قرار دیتے کہا ہے کہ20چھوٹے بڑے ڈیموں کی تعمیر کے ساتھ ساتھ فوری طور پرقابل عمل منصوبہ کالا باغ ڈیم پر بھی تعمیر کا آغاز کیا جائے ۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے تاجروں سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔

انہوںنے کہا کہ بھارت کی جانب سے پاکستانی دریائوں کا پانی روک کر کشن گنگا ڈیم اور دیگر ڈیمز کی تعمیرسے ملک پانی کے بحران میں مبتلا ہے پاکستانی دریائوں کا پانی روک کر بھارت میں ڈیموں کی تعمیر ملکی معیشت کیلئے نقصان دہ ہے پاکستان میں آبپاشی کے لیے پانی کی قلت میں خطرناک حد تک اضافہ ہوگیا ہے پانی کے ذخائرمسلسل کمی کا شکار ہیں۔

(جاری ہے)

جبکہ مجموعی قلت 49فیصد سے تجاوز کرگئی ہے اور پنجاب اور سندھ کوپانی کی کمی کا سامنا ہے۔

وائس آف ٹریڈر کے صدر عاصم مغل نے کہا کہ آبی ذخائر نہ صرف زندگی بلکہ ملکی بقاء کیلئے ناگزیر ہے آبی بحران کے خاتمہ کیلئے کالا باغ ڈیم سمیت دیگر ڈیموں کی تعمیر کا فوری آغاز کیا جائے اور پانی کے بحران سے نمٹنے اور مستقبل میں پانی کی ضروریات کیلئے ابھی سے منصوبہ بندی کی جائے۔انہوںنے کہا کہ پانی ہماری زندگی ہے پانی کی کمی سے نہ تو زراعت ممکن ہے اور نہ ہی سستی بجلی پیدا ہوسکتی ہے پانی کی کمی سے زراعت و صنعت دونوں متاثر ہوتے ہیں ۔