کے ایم سی انڈر16انٹر اکیڈمی کرکٹ ٹورنامنٹ ،افتتاحی میچ میں کے ایم سی کرکٹ اکیڈمی نے آزاد کرکٹ اکیڈمی کو زیر کرلیا

ہفتہ 26 دسمبر 2020 19:25

کے ایم سی انڈر16انٹر اکیڈمی کرکٹ ٹورنامنٹ ،افتتاحی میچ میں کے ایم سی ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 دسمبر2020ء) محکمہ ثقافت و کھیل، بلدیہ عظمی کراچی کے زیر انتظام منعقدہ کے ایم سی انڈر16انٹر اکیڈمی کرکٹ ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں کے ایم سی کرکٹ اکیڈمی نے آزاد کرکٹ اکیڈمی کو 149رنز سے شکست دیدی۔تفصیلات کے مطابق کے ایم سی کرکٹ اکیڈمی نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 30اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر 255رنز اسکور کئے۔

علی حسن نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 67گیندوں پرسات چوکوں اورچار چھکوں کی مدد سے 101رنز بنائے اور ناٹ آٹ رہے۔شاہد علی نے 65گیندوں پر آٹھ چوکوں اورایک چھکے کے ذریعی77رنز اسکو رکئے۔اسرار خان نے 23گیندوں پر 45رنز کی اننگ کھیلی اور آٹ نہیں ہوئے۔جواب میں آزاد کرکٹ اکیڈمی کی پوری ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور 22.3اوورز میں 106رنز ہی بنا سکی۔

(جاری ہے)

حسنین خان نے 33، محمد معاذ نے 18رنز بنائے۔ظہیر احمد نے 20رنز، علی حسنین نے 7رنزاور اسرار خان نے 4رنز کے عوض دودو کھلاڑیوں کو آٹ کیا۔اس طرح یہ میچ کے ایم سی کرکٹ ٹیم نے باآسانی جیت لیا۔مذکورہ ٹورنامنٹ میں شہر کی 12مختلف کرکٹ اکیڈمیز حصہ لے رہی ہیں جن میں معین خان اکیڈمی، پی آئی اے اکیڈمی، آزاد اکیڈمی، سرفراز احمد اکیڈمی، افتخار اکیڈمی، ناظم آباد جیمخانہ اکیڈمی، داد اکیڈمی، باب وولمر اکیڈمی، کسٹم اکیڈمی، نیشنل بینک اکیڈمی اور میزبان کے ایم سی کرکٹ اکیڈمی شامل ہیں۔

قبل ازیں سینیئر ڈائریکٹر ثقافت و کھیل کے ایم سی، خورشید احمد شاہ نے گیند کو ہٹ لگا کر ٹورنامنٹ کا باضابطہ افتتاح کیا۔ اس موقع پر انھوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کے ایم سی نے ہمیشہ کھیلوں کے فروغ کے لئے شاندار سرگرمیوں کا انعقاد کیا ہے اور کھیلوں کے مراکز قائم کئے ہیں۔ بلدیہ عظمی کراچی کی مالی مشکلات کے باوجود ہم کھیلوں کی سرگرمیوں کا انعقاد کررہے ہیں۔

انھوں نے تمام کرکٹ اکیڈمیز کے شرکا کا شکریہ ادا کیا اور کے ایم سی گرانڈ میں شرکت پر خوش آمدید کہا۔ڈائریکٹر جنرل پارکس، کے ایم سی طہ سلیم نے کہا کہ مجھے آج ان ہونہار کھلاڑیوں کو دیکھ کر بہت خوشی ہوئی ہے اور میں نے بھی تعلیم کے ساتھ ساتھ کرکٹ کھیلی ہے۔کھیلوں سے ذھنی اور جسمانی نشو نما میں مدد ملتی ہے۔ڈائریکٹر اسپورٹس کے ایم سی کنور ایوب نے کہا کہ میں اور میری ٹیم شہر میں کھیلوں کی ترقی اور اس کے انعقاد کے لئے بھر پور کوششیں کررہی ہے۔

اور شہر میں کھیلوں کی سرگرمیوں کا انعقاد اور کھلاڑیون کی حوصلہ افزائی کے لئے ہمارا تعاون جاری رہے گا۔ آرگنائزنگ سیکریٹری، ڈپٹی ڈائریکٹر ندیم خان نے ٹورنامنٹ کے حوالے سے تفصیل سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈائریکٹر اسپورٹس کہف الوری، سابق جوائنٹ سیکریٹری کے سی سی اے جمیل احمد، سابق انٹرنیشنل کھلاڑیوں سعید آزاد، ساجد علی، اطہر لئیق، ظفر احمدکے علاوہ نائب صدر سندھ اولمپک انجینئر محفوظ النبی، غلام محمد خان، عظمت خان، ڈاکٹر عارف حفیظ، عارف وحید، شہروز علوی اور راحت علی شاہ موجود تھے۔مزید براں ٹورنامنٹ کمیٹی کے ارکان فرید الدین، شاہد نواب، قمبر علی،عبدالصمد بلوچ اور محبوب اعوان نے ٹورنامنٹ میں شریک تمام ٹیموں کے کھلاڑیوں کی اسکروٹنی کی۔