Live Updates

مریم نواز کا بگڑی ہوئی امیرزادی کی طرح زبان پر کنٹرول نہیں، فواد چودھری

مریم نواز کی تقریر”میرے ابو، میں اور عمران خان بہت خراب ہے‘‘ سے آگے نہیں بڑھتی، ضیاءالحق کے جانشین آج گڑھی خدا بخش میں بھٹو کی قبر کے مجاور بن گئے۔ وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کا ردعمل

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 28 دسمبر 2020 00:41

مریم نواز کا بگڑی ہوئی امیرزادی کی طرح زبان پر کنٹرول نہیں، فواد چودھری
لاہور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27 دسمبر2020ء) وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری نے کہا ہے کہ مریم نواز کا بگڑی ہوئی امیرزادی کی طرح زبان پر کنٹرول نہیں، مریم نواز کی تقریر”میرے ابو، میں اور عمران خان بہت خراب ہے‘‘ سے آگے نہیں بڑھتی، ضیاءالحق کے جانشین آج گڑھی خدا بخش میں بھٹو کی قبر کے مجاور بن گئے۔ انہوں نے ٹویٹر پر گڑھی خدا بخش میں پی ڈی ایم کے جلسے اور نائب صدر ن لیگ مریم نواز کی تقریر پر اپنے ردعمل میں کہا کہ ضیاءالحق کے جانشین آج گڑھی خدا بخش میں بھٹو کی قبر کے مجاور بنے ہوئے ہیں ، ہر جگہ نیا روپ پنجاب میں جاگ پنجابی جاگ، سندہ میں بینظیر کے جانشیں ،فوج کے سامنے فوج کے چمچے مودی کے سامنے فوج کیخلاف بھاشن اسی لئے میں نے کہا تھا مسلم لیگ ایک پونزی اسکیم ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مریم نواز کی تقریر”میرے ابو، میں اور عمران خان بہت خراب ہے”سے آگے نہیں بڑھتی، بگڑی ہوئی امیرزادی کی طرح انھیں اپنی زبان پر کنٹرول نہیں۔ جنہوں نے گھر کا کچن نہیں چلایا وہ ایٹمی طاقت کا وزیراعظم بننے کا خواب دیکھتی ہیں۔ دکھ اور ہمدردی نام نہاد سینئر لیڈرشپ سے جو ہاتھ باندھے پیچھے کھڑے ہیں۔ مشیر پارلیمانی امور بابر اعوان نے پی ڈی ایم کے لاڑکانہ میں جلسے کے ردعمل میں کہا کہ پی ڈی ایم کے غبارے کو36 واں پنکچر۔

مفادات کے بندے، 90 دن میں پی ڈی ایم لڑ پڑی۔ نعرہ اسلام آباد فتح کرنے کا، گزارا ڈی سی لاڑکانہ پر۔ پہلے مولانا سے بےوفائی ہوئی، اب مولانا نے بےعتنائی کردی۔ انہوں نے کہا کہ بھگوڑے نواز شریف کی کرپشن پر سزا یافتہ بیٹی نے باپ کا بھٹو سے موازنہ کیا۔ بی بی کی برسی پر مفرور نواز شریف کی تعریفیں کرکے مصنوعی قد بڑھانے کی کوشش۔ بی بی کو سب سے زیادہ تکلیفیں شریف خاندان نے دیں۔

ہائے! عجب کرپشن کی غضب مجبوریاں ہیں۔ واضح رہے مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدرمریم نواز نے گڑھی خدابخش میں خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا کہ تابعدارخان تمہاری جنگ عوام سے ہے، تم یہ جنگ ہار چکے ہو، ہم فوج کو نہیں بلکہ سلیکٹرز کو کہتے ہیں پیچھے ہٹ جاؤ، عمران خان جانے یا عوام جانیں، تابعدار خان کہتا ہے یہ بچے ہیں، لیکن بچوں نے تگنی کا ناچ نچوایا ہوا ہے، بچے للکارتے ہیں تو اپنے بڑوں کے پیچھے چھپ جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جنرل پاشا نے سیاسی کوڑا اکٹھا کرکے تحریک انصاف بنائی، ایک نااہل نالائق شخص جس کو عوام نے22سال گھاس نہیں ڈالی، اس کو اٹھا کر ووٹ چوری کرکے ہمارے سروں پر مسلط کردیا گیا۔ اڑھائی سال بعد اعتراف کیا کہ مجھے کام نہیں کرنا آتا، کہتا ہے تیاری کے بغیر حکومتوں میں نہیں آنا چاہیے، جب اس کی نالائقی اور نااہلی کی وجہ سے مہنگائی ہورہی اور لوگ خودکشیاں کررہے ہیں، ڈھٹائی سے کہتا ہے کہ لوگ خودکشیاں کررہے ہیں تو میں کیا کروں، میرے پاس جادو کا چراغ نہیں۔

لاڑکانہ والوں یہ ملک ایسے نہیں چلے گا، کوئی آئین توڑے، سیاچن گنوا دے، کشمیر کا مقدمہ ہار جائے ، مخالفین کو قتل کروائے، سیاسی مخالفین کو جیل میں ڈال کر موت کے دہانے تک پہنچائے یا کوئی اربوں روپے کی کرپشن کرے تو بھی معصوم ؟پیزا والے کو جانتے ہوں، لیکن پھانسیاں سیاستدانوں کو ہوں، جیل کی کال کوٹھری میں سیاستدان، بہو بیٹیوں کو جیلوں میں سیاستدانو ں کی بیٹیوں کو گھسیٹا جائے، کردار کشی ہو تو سیاستدانوں کی جاتی ہے، لیکن یاد رکھو، نظریے کو پھانسی، اور جلاوطنی نہیں ہوسکتی۔

یہ نظریہ ہے آج تمہارا نام لینے والا کوئی نہیں، لیکن پاکستان کے کونے کونے میں نوازشریف اور بے نظیر بھٹو کا نام لیا جاتا ہے۔ نوازشریف کو تو تم واپس لانے کی بات کرتے ہو، لیکن مشرف کو لانے کی جرات نہیں ۔ مشرف کیلئے پاکستان کی سرزمین کے دروازے بند ہیں، لیکن بہادر جج جسٹس وقار شیخ کے جرات مندانہ فیصلے کو پاکستانی عوام ہمیشہ زندہ رکھے گی۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان تمہاری اوقات این آراو دینے والے کی نہیں ہے، یہ وہ پہلا سیاستدان اور پہلا وزیراعظم ہے جس نے انڈیا اور امریکا میں جاکر پاکستانی فوج اور آئی ایس آئی پر حملے کیے، ایک پیج کی رٹ لگا کر فوج کو بدنام کیا گیا، جب روٹی 30روپے، آٹا 90روپے اور چینی 120کی ہوجاتی ہے تو اپنی نااہلی چھپانے کیلئے کہتا ہے فوج میرے پیچھے کھڑی ہے۔

تم زیادہ سیانے نہ بنو، فوج پر تنقید تب ہوتی ہے جب سیاسی مخالفین کو سیاست میں گھسیٹتے ہو، کشمیر مودی کی جھولی میں جاکر گرتا ہے۔ سیاچن پر کھڑا فوجی جب سوچتا ہے کہ میری تنخواہ نہیں بڑھی، میرے گھر میں چولہے ٹھنڈے ہورہے ہیں۔ پھر کہتے ہیں تیاری کے بغیر نہیں آنا چاہیے۔ عوام تمہیں نہیں لے آکر آئے، تمہیں جو لے کرآئے ان کو پیچھے ہٹنا پڑے گا۔

ادویات مہنگی ہوچکی ہیں۔انشاء اللہ منتخب حکومت آئے گی اور سب ملکر عوام کیلئے دن رات ایک کریں گے۔ ہم فوج کو نہیں کہتے کہ ان کی حکومت کا تختہ الٹیں، ہم سلیکٹرز کو کہتے ہیں پیچھے ہٹ جاؤ، پھر عوام جانے اور عمران خان جانے۔ انہوں نے کہا کہ تابعدار خان کہتا ہے یہ بچے ہیں، ان کی کوالیفکیشن کیا ہے؟ لیکن بچوں نے آپ کو تگنی کا ناچ نچوایا ہوا ہے، اپنے بڑوں کو بچوں کی شکایت لگاتا ہے۔بچے للکارتے ہیں تو بڑوں کے پیچھے چھپ جاتے ہو،تمہاری جنگ پی ڈی ایم سے نہیں 22کروڑ عوام سے ہے، اعلان کرتی ہوں تابعداد خان تم یہ جنگ ہار چکے ہو۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات