پی ڈی ایم کے استعفوں اور جلاﺅ گھیراﺅ کی باتیں دم توڑ گئی ہیں. شبلی فراز

بھارتی ڈس انفو لیب کا بیانیہ اپوزیشن کی کچھ جماعتیں لے کر چل رہی ہیں‘مولانا فضل الرحمان نے حکومت سے کیا استعفے لینا ہیں ان کی اپنی جماعت ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوچکی ہے.وفاقی وزیراطلاعات کی پریس کانفرنس

منگل 29 دسمبر 2020 18:22

پی ڈی ایم کے استعفوں اور جلاﺅ گھیراﺅ کی باتیں دم توڑ گئی ہیں. شبلی فراز
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-ا نٹرنیشنل پریس ایجنسی۔29 دسمبر ۔2020ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز نے کہا ہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے استعفوں اور جلاﺅ گھیراﺅ کی باتیں خود دم توڑ گئی ہیں اور پی ڈی ایم باقاعدہ قصہ پارینہ بن گئی ہے.

(جاری ہے)

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز نے اسلام آباد میں وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد معاون خصوصی پیٹرولیم ندیم بابر کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کابینہ کا ایجنڈا چھوٹا تھا اور مختصر وقت میں ختم ہوا انہوں نے کہا کہ کابینہ میں مفتی کفایت اللہ کے حوالے سے اہم بات ہوئی، پچھلے ہفتوں میں یورپی یونین نے انکشاف کیا تھا کہ بھارت کے ڈس انفارمیشن ے ایک نیٹ ورک کو سامنا لایا ہے جس کا مقصد پچھلے 15 سال سے پاکستان کے بارے میں منفی خبریں دینا تھا.

بھارتی نیٹ ورک کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس کا مقصد دنیا میں ایسا تاثر دینا کہ ہماری معیشت، ہمارے اداروں، افواج پاکستان کو نشانہ بنایا جا سکے اور ہمارے ملک میں دہشت گردی اور بے چینی کا پھیلاﺅ کیسے کیا جائے اور غلط خبریں دی جائیں‘انہوں نے کہاکہ ہماری حکومت آئی تو پہلے دن سے ہی ایک پراپیگنڈا شروع ہوا تھا کہ حکومت فیل ہوگئی ہے، ہمیں آئے ہوئے ایک دن ہوا تھا اور ہم فیل ہوگئے.

شبلی فراز نے کہا کہ بھارت نے اس طرح کی غلط خبروں کا کیمپ بھارت نے شروع کیا تھا اور آج ہم دیکھ رہے ہیں کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے پلیٹ فارم سے بھی اسی قسم کی باتیں ہو رہی ہیں، چاہے وہ نواز شریف، مریم نواز یا مفتی کفایت اللہ کی صورت میں ہو. انہوں نے کہا کہ مقصد دانستہ یا غیر دانستہ طور پر جو مہم ڈس انفو لیب کر رہی تھی وہی بیانیہ ہمارے پی ڈی ایم کے کچھ لوگ لے کر چل رہے ہیں انہوں نے کہا کہ یہ ایک منظم مہم ہے جس کا بنیادی مقصد ریاست پاکستان کو بدنام کرنا اور ملک میں افراتفری پھیلانا اور ملک کو کمزور کرنا تھا اور اس کا اصل ورژن پی ڈی ایم کی صورت میں دیکھ رہے ہیں.

شبلی فراز نے کہا کہ حکومت نے اس کا بڑی سنجیدگی سے نوٹس بھی لیا ہے اور ہم چیزوں کو مانیٹر بھی کر رہے ہیں، کئی چیزیں آئسولیشن میں ہو نہیں رہی ہیں، کون حسین حقانی سے منسلک ہے اور کون کس کو ایڈوائس کر رہا ہے اس کی رپورٹس ہمیں مل رہی ہیں انہوں نے کہا کہ مفی کفایت اللہ کی طرح باتیں کرنا انتہائی شرم ناک ہیں، اس قسم کی گفتگو سے سوائے اپنے دشمن کو خوش کرنے کے سوا کچھ نہیں کر رہے ہیں کیونکہ جو چیزیں یہاں ہو رہی ہیں وہ بھارت کے میڈیا پر بریکنگ نیوز کے طور پر چلتی ہیں.

انہوں نے کہا کہ بھارت ہمارا ازلی دشمن ہے جو کام وہ کر رہا تھا آپ دانستہ یا غیر دانستہ طور پر آلہ کار بن گئے ہیں اور یہاں ایسے حالات پیدا کر رہے ہیں‘وفاقی وزیر نے کہا کہ پی ڈی ایم جس طرح شروع ہوا تھا اسی طرح کمزور ہوتا ہوا اب اس حالت پر آگیا ہے کہ کئی پارٹیوں کے اندر ان کے خلاف تحریک شروع ہوئی ہے جیسے مولانا فضل الرحمان کی جماعت ہے، اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ان کے اندر ہی خود اتنی ٹوٹ پھوٹ ہوگئی ہے کہ اب یہ حکومت کو کیا گرائیں گے اور کیا استعفے لیں گے.

انہوں نے کہا کہ مجھے ٹی وی سے پتہ چلا ہے کہ پیپلزپارٹی کے سینٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی کے فیصلے بھی اس بات کا ثبوت ہیں کہ استعفوں اور جلاﺅ گھیراﺅ کی باتیں ہو رہی تھیں وہ دم توڑ گئی ہیں اب پی ڈی ایم باقاعدہ طور پر دم توڑ قصہ پارینہ بن گئی ہے.