ڈیرہ اسماعیل خان ،غیر قانونی کالونیوں کیخلاف آپریشن

تحصیل میونسپل انتظامیہ پہاڑپور کے عملہ نے بابڑ سٹی ڈھکی موڑ کے اشتہاری بورڈ ہٹا کر مالکان ،پراپرٹی ڈویلپرز کو نوٹس جاری کردیا

بدھ 30 دسمبر 2020 18:17

ڈیرہ اسماعیل خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 دسمبر2020ء) ضلع بھر میں غیر قانونی کالونیوں کیخلاف آپریشن کے تناظر میں تحصیل میونسپل انتظامیہ پہاڑپور کے عملہ نے بابڑ سٹی ڈھکی موڑ کے اشتہاری بورڈ ہٹا کر مالکان اور پراپرٹی ڈویلپرز کو نوٹس جاری کردیاہے۔ ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق پشاور ہائیکورٹ ڈیرہ اسماعیل خان بنچ میں گلزار احمد خان ایڈووکیٹ ہائیکورٹ کی غیر منظورشدہ وغیر قانونی ہائوسنگ سوسائٹیز اور رہائشی کالونیز کیخلاف مفاد عامہ کی رٹ پٹیشن میں موقف اختیار کیاگیا تھاکہ قواعدو ضوابط پر پورا نہ اترنے والی غیر منظورشدہ اور غیر قانونی ہائوسنگ سوسائٹیز اور رہائشی کالونیز میں عوام سے کروڑوں اربوں روپے لوٹ کر پراپرٹی ڈیلرز غائب ہوجاتے ہیں اور بعدازاں کالونی مالکان اور ان کے لواحقین گلیوں اور سڑکوں کا باقی ماندہ رقبہ بھی نوسربازی سے فروخت کرکے غائب ہوجاتے ہیں لہذا عدالت ان کیخلاف کاروائی کیلئے ضلعی انتظامیہ کے متعلقہ حکام اور ٹی ایم ایز کو حکم صادر کرے جس پر پشاور ہائیکورٹ کے معزز ڈویژن بنچ نے قواعدو ضوابط کی خلاف ورزی میں نئی ہائوسنگ سوسائٹیز اور رہائشی کالونیز کے قیام پر حکم امتناعی جاری کردیا جبکہ اب تک بننے والی تمام ہائوسنگ سوسائٹیز اور رہائشی کالونیز کیخلاف ایکشن لینے کی ہدایت کردی تاہم مسلسل کئی سال سے کوئی کاروائی نہ ہونے پر معزز عدالت عالیہ کے ڈویژن بنچ نے ڈپٹی کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان اور ٹی ایم او ،ٹی ایم اے ڈیرہ اسماعیل خان کو توہین عدالت کا مرتکب قرار دیتے ہوئے سخت برہمی کااظہار کیااور ہدایت کی کہاگلی تاریخ پیشی سے پہلے پہلے ٹھوس کاروائی عمل میں لائی جائے جو عملی طور پر نظر بھی آئے جس پر گذشتہ دنوں ٹی ایم او، ٹی ایم اے ڈیرہ اسماعیل خان عمر خان کنڈی نے ڈپٹی کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان عارف اللہ اعوان کے حکم پر بھرپور ایکشن لیتے ہوئے ملتان روڈ پر درجنوں ہائوسنگ سوسائٹیز اور رہائشی کالونیز کے دفاتر سیل کردیے۔

(جاری ہے)

گذشتہ روزاسی حکم کے تناظر میں ٹی ایم او ،ٹی ایم اے پہاڑپور سید انوار علی شاہ کی ہدایت پر ٹی ایم اے عملہ نے ڈھکی موڑ پر قائم رہائشی کالونی بابڑ سٹی کے دیو قامت سائن بورڈ ہٹوا کر مالکان اور پراپرٹی ڈویلپرز کو نوٹس جاری کردیے جن میں کہاگیاہے کہ آپ لوگوں نے بلا منظوری این او سی و نقشہ کالونی رہائشی سکیم شروع کررکھی ہے ۔ آپ سب سے پہلے فوری اپنی کالنی کا نقشہ منظور کرائیںبصورت دیگر آپ کیخلاف سپریم کورٹ آف پاکستان اور لوکل گورنمنٹ ایکٹ2013 کے تحتقانونی کاروائی عمل میں لائی جائیگی اور آپ کی کالونی کو غیر قانونی قراردیاجاسکتاہے اور کالونی کے انتقالات و رجسٹری بھی بندکرکے ایف آئی آر بھی درج کرائی جاسکتی ہے۔

اس سلسلے میں اسسٹنٹ کمشنر پہاڑپور کو استدعاکی گئی ہے کہ وہ تحصیلدار پہاڑپور کو باضابطہ طور پر مطلع کریں کہ وہ کالونی ہذا کی رجسٹری و انتقالات نہ کئے جائیں۔