کراچی پریس کلب کے انتخابات میں کامیابی پرنومنتخب عہدیداران کو ڈاکٹر فوزیہ کی مبارکباد

امریکی صدر قیدیوں کو معافی دے رہے ہیں ، حکومت چاہے تو عافیہ بھی رہاہو سکتی ہی: ڈاکٹر فوزیہ صدیقی

بدھ 30 دسمبر 2020 19:57

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 دسمبر2020ء) قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ کی ہمشیرہ اور عافیہ موومنٹ کی رہنما ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے کراچی پریس کلب کے سالانہ انتخابات میں ڈیمو کریٹس پینل کی کامیابی پر نومنتخب صدر فاضل جمیلی، نائب صدر شازیہ حسن صاحبہ، سیکریٹری محمد رضوان بھٹی صاحب، جوائنٹ سیکریٹری محمد ثاقب صغیرصاحب، خازن عبدالوحید راجپر صاحب، ممبران گورننگ باڈی عبدالعزیز سنگھور، حامدالرحمان اعوان، محمد فاروق ، محمد نبیل، عبدالواسع قریشی، سلمان سعادت اور عبدالرشید میمن کو مبارکباددی ۔

عافیہ موومنٹ میڈیا انفارمیشن سیل سے جاری کردہ بیان میں انہوں نے توقع ظاہر کی کہ نو منتخب عہدیدارماضی کی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے صحافی برادری کے حقوق، تحفظ اورفلاح و بہبودکے ساتھ عافیہ جیسے مظلوموں کی آواز اقتدار کے ایوانوں تک پہنچانے کا فریضہ بھی اداکرتے رہیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عافیہ کی رہائی کے حوالے سے موجودہ ایام انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔

امریکہ کی سیاسی روایت کے مطابق عہدہ صدارت سے سبکدوش ہونے سے قبل امریکی صدر-’’صدارتی معافی ‘‘ (Pardon) کے ذریعے قیدیوں کو رہا کررے ہیں ۔حکومت سنجیدگی سے کوشش کرے تو عافیہ بھی رہا ہو سکتی ہے۔ صدارتی معافی میں ایسی خواتین جو کہ ماں بھی ہوںکو فوقیت دی جاتی ہے اس حوالے سے بھی عافیہ میرٹ پر پورا اترتی ہے کیونکہ وہ خود بھی ایک ماں ہے اور اس کی ضعیف والدہ بستر علالت پر اس کا بے چینی سے انتظار کررہی ہے ۔

اس صبر آزما انتظار کو 18 سال مکمل ہونے والے ہیں۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ کراچی پریس کلب کے نومنتخب عہدیدار اور صحافی برادری عافیہ کی وطن واپسی کے ایک اور سنہری موقع کو ضائع ہونے سے بچانے کیلئے وزیراعظم عمران خان اور ان کی حکومت کوعافیہ کو وطن واپس لانے کا وعدہ اور فریضہ ہرفورم پر یاد دلاتے رہیں گے۔ڈاکٹر فوزیہ نے ائمہ مساجد اور عوام سے اپیل کی ہے کہ نئے سال2021 ء کی آمد کے موقع پر خصوصی دعائوں کا اہتمام کریں کہ اللہ تعالیٰ نئے سال 2021 ء کو عافیہ کی رہائی اور وطن واپسی کا سال بنا دے ۔