ایرانی میزائل سے تباہ طیارے کے ملہوکین کے لیے فی کس 1.5 لاکھ ڈالر ہرجانہ

یوکرائن کا ایران کی جانب سے ہرجانے کے طور پر فی کس 1.5 لاکھ امریکی ڈالر مختص کیے جانے پر احتجاج

جمعرات 31 دسمبر 2020 17:55

تہران /کیف (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 دسمبر2020ء) یوکرائن نے ایران کے ہاتھوں اپنے مسافر طیارے کے مار گرائے جانے پر تہران کی جانب سے ہرجانے کے طور پر فی کس 1.5 لاکھ امریکی ڈالر مختص کیے جانے پر احتجاج کیا ہے۔

(جاری ہے)

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق جمعرات کے روز یوکرائن کا کہنا تھا کہ تقریبا ایک سال قبل طیارے کے مار گرائے جانے میں موت کا شکار ہونے والوں کے لیے زر تلافی کا تعین مذاکرات کے ذریعے کیا جانا چاہیے۔

قبل ازیں ایرانی حکومت نے اپنے اجلاس میں منظوری دی کہ یوکرائن کے بدقسمت طیارے کے حادثے کا شکار ہونے والے ہر فرد کے لیے 1.5 لاکھ امریکی ڈالر یا اس کے مساوی یورو کی رقم ادا کی جائے گی،دوسری جانب سڑکوں اور شہری ترقی کے ایرانی وزیر محمد اسلامی نے یوکرائن کے طیارے کو مار گرائے جانے کے واقعے کی تحقیقات اختتام پذیر ہونے کا اعلان کیا ۔