رمیز راجہ ’شادی شدہ کرکٹ ٹورنامنٹ‘ میں حصہ لینے کیلئے تیار

ٹورنامنٹ میں حصہ لینے کے خواہشمند حضرات کا شادی شدہ ہونا، صاحبِ اولاد ہونا ضروری، عمر 35 سال سے زیادہ ہونا شرط

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 1 جنوری 2021 14:38

رمیز راجہ ’شادی شدہ کرکٹ ٹورنامنٹ‘ میں حصہ لینے کیلئے تیار
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ یکم جنوری 2021ء ) قومی ٹیم کے سابق کپتان رمیز راجہ ’شادی شدہ کرکٹ ٹورنامنٹ‘ میں حصہ لیں گے۔ 58 سالہ رمیز راجہ نے ٹویٹر پر گلی محلوں میں ہونیوالے کرکٹ ٹورنامنٹ کا ایک پوسٹر شیئر کیا اور مداحوں کو بتایا کہ وہ بھی اس ٹورنامنٹ میں حصہ لے رہے ہیں۔ رمیز راجہ نے اپنے ٹویٹ میں پوسٹر شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ ’میں نے یہ ٹورنامنٹ کھیلنے کے لیے درخواست جمع کرادی ہے۔

رمیز راجہ کی جانب سے شیئر کیے گئے انوکھے کرکٹ ٹورنامنٹ میں حصہ لینے کے لیے رکھی گئی شرائط بھی دلچسپ وعجیب ہیں۔ اس کرکٹ ٹورنامنٹ میں حصہ لینے کے خواہشمند حضرات کا شادی شدہ ہونا، صاحبِ اولاد ہونا ضروری ہے جبکہ عمر کی حد 35 سال سے زیادہ مقرر کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

پوسٹر میں مزید بتایا گیا ہے کہ ٹورنامنٹ گورنمنٹ ہائی سکول چک نمبر 17 کے گراؤنڈ میں 25، 26 اور 27 تاریخ بروز جمعہ ہفتہ اور اتوار کھیلا جائے گا۔

پوسٹر میں لکھا گیا ہے کہ یہ ٹورنامنٹ حاجی عبدالرحمن نے منعقد کیا ہے کیونکہ وہ بوڑھے افراد کو جوانی کی یادیں تازہ کرنے کا تحفہ دینا چاہتے ہیں۔ ٹورنامنٹ میں حصہ لینے والی ٹیم کے لیے 500 روپے انٹری فیس رکھی گئی ہے اور کھلاڑیوں کو عمر کی شرط پر پورا اترنے کے لیے شناختی کارڈ ساتھ لانے کا کہا گیا ہے، ٹورنامنٹ کی انتظامیہ کی جانب سے زخمی ہونے والوں کے لیے طبی امداد اور ڈاکٹرز کا انتظام بھی کیا جائے گا اور اس انوکھے کرکٹ ٹورنامنٹ میں کھلاڑیوں کے لیے کھانے اور میچ کے وقفے کے دوران چائے کا اہتمام بھی کیا جائے گا۔