منی پاکستان کے مسائل کے حل کی ذمہ دار ہم سب کی ہے،پاسبان

کراچی کے مسائل کے حل اورحقوق کے حصول کے لئے شہر کی تمام سیاسی جماعتوں کے آپس میں موثرروابط رہنے چاہئیں،سردار ذوالفقار و دیگر عہدیداران

ہفتہ 2 جنوری 2021 20:48

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 جنوری2021ء) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی بلدیاتی کمیٹی کے رکن سردار ذوالفقار و دیگر عہدیداران نے کہا ہے کہ کراچی مختلف قومیتیں رکھنے والے انسانوں کا شہر اور منی پاکستان ہے ، اس لئے اس کے مسائل کے حل کی ذمہ داری ہم سب پر مشترکہ طور پر عائد ہوتی ہے۔ کراچی کے مسائل کے حل اورحقوق کے حصول کے لئے شہر کی تمام سیاسی جماعتوں کے آپس میں موثرروابط رہنے چاہئیں۔

پاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے صدر نجمی عالم نے کہا ہے کہ مردم شماری اور دیگر اہم ایشوز پر پاسبان کی جدو جہد لائق تحسین ہے ۔ پاکستان پیپلز پارٹی وفاق کی پروردہ اور سندھ کی جماعت کی حیثیت سے کراچی کے اہم ایشوز پر دیگر سیاسی جماعتوں کی آراء کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

(جاری ہے)

پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین الطاف شکور کی عوامی مسائل پر کی جانے والی جدوجہد کو سراہتے ہیں۔

اگر ریمنڈ ڈیواس جا سکتا ہے تو عافیہ صدیقی بے گناہ ہونے کے باوجود واپس کیوں نہیں آسکتی پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی بلدیاتی کمیٹی کے رکن سردار ذوالفقار ، ضلعی صدور خالد صدیقی ایڈووکیٹ ، میاں ریاض اور پاسبان کے پریس سیکریٹری محمود تاجک کی پاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے صدر نجمی عالم سے ہونے والی ملاقات میں کراچی کو درپیش مسائل، حقوق کا حصول اور سیاسی جماعتوں کی مشترکہ جدوجہد کے حوالے سے گفتگوہوئی ۔

سردار ذوالفقار نے کہا کہ کسی بھی سیاسی جماعت سے وابستگی کے باوجود کراچی کے حقوق اور مسائل پر سب کو ایک آواز ہو کر مشترکہ جدوجہد کرنی چاہئیے۔ ظالمانہ کوٹہ سسٹم کی وجہ سے کراچی کے باصلاحیت اور اہل نوجوان بڑی بڑی ڈگریاں لے کر مارے مارے پھر رہے ہیں ۔ ان سے اعلی تعلیم اور نوکریوں کا حق چھین لیا گیا ہے۔ بیروزگاری کے ہاتھوں ستائے نوجوان بے راہ روی کا شکار ہورہے ہیں۔

جعلی مردم شماری میں کراچی کی تین کروڑ کی آبادی کو ڈیڑھ کروڑ بتایا گیا ہے اور وفاقی حکومت نے اسے سرکاری طور پر تسلیم بھی کر لیا ہے۔ پاسبان اس کے خلاف آواز بلند کر چکی ہے۔ ملاقات میں مہنگائی کو کنٹرول کرنے کے حوالے سے بھی گفتگو ہوئی ۔ پاسبان عہدیداران نے کہا کہ سندھ حکومت کے پرائس کنٹرول ادارے کراچی سمیت سندھ بھر میں اپنے فرائض کی انجام دہی میں ناکام ہیں۔

سرکاری طور پر کسی بھی شے پر دو روپے بڑھتے ہیں لیکن دوکاندار اس پر دس روپے بڑھا دیتے ہیں کیونکہ کوئی انہیں پوچھنے والا نہیں ہے۔ جس کی وجہ سے سرکاری سطح پر اشیائے خوردو نوش کے نر خ روز بروز بڑھتے ہی چلے جارہے ہیں۔ سندھ پر پیپلز پارٹی گذشتہ بارہ سالوں سے حکمرانی کر رہی ہے لہذا عوامی مسائل کے حل کے لئے اسے بھرپور کوشش کرنی چاہئیے۔ ڈاکٹر عافیہ صدیقی پاکستانی شہری ہیں جو پچھلے سترہ سالوں سے امریکی جیل میں قید ہیں ۔

بحیثیت پاکستانی قوم ہمیں ڈاکٹر عافیہ کی رہائی اور وطن واپسی کے لئے مشترکہ آواز اٹھانی چاہئیے۔ سردار ذوالفقار نے پی پی پی کے صدر کی توجہ دلاتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر میں ایک کروڑ سے زائد آبادی والے شہروں کو چارٹرڈ سٹی کا درجہ دیا جاتا ہے ، کراچی کی آبادی تین کروڑ کے لگ بھگ ہے اسے بھی چارٹرڈ سٹی کا آئینی حق دیا جائے تا کہ کراچی کے وسائل میں اس کا اپنا بھی حصہ ہو ۔

75فیصد ریونیو دینے والے شہر کے لئے اس کا اپنا بجٹ ہو تا کہ اس بجٹ سے شہر کے پیچیدہ مسائل حل کئے جاسکیں۔ پی پی پی کراچی ڈویژن کے صدر نجمی عالم نے پاسبان کو بھرپور ساتھ کی یقین دہانی کروائی۔ علاوہ ازیںسردار ذوالفقار نے پی پی پی کے صدر کو اتوار کے روز کراچی پریس کلب پر جعلی مردم شماری اور کوٹہ سسٹم کے خلاف ہونے والی علامتی بھوک ہڑتال اور سیٹی بردار مظاہرہ میں شرکت کی دعوت بھی دی۔