حکومت دراڑ ڈالنے کی کوشش میں ہے، قمر زمان کائرہ

اب مزید تجربے کی ضرورت نہیں،جس دن ہمارے پاس عدد اکثریت ہوئی ہم بہاولپر صوبہ بنادیں گے، بیان

اتوار 3 جنوری 2021 15:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جنوری2021ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ حکومت کوشش کرے گی کہ ہمارے درمیان دراڑ آئے، حکومت کی پریشانی انکے چہرے پر اڑی ہوائیوں سے ظاہر ہے۔ایک انٹرویومیں انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام بے روزگاری اور لاقانونیت کے ہاتھوں پریشان ہیں، 20 نومبر کو جو 26 پوائنٹس طے کئے انکی ایک ایک شق کے ساتھ کھڑے ہیں۔

قمر زمان کائرہ نے کہا کہ ہم تو مارشل لا سے نہیں ڈرے ان بیچاروں سے کیا ڈرنا۔انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں سیاسی میں ایجنسیوں کی اجارہ داری نہیں ہونی چاہئے، کیا مداخلت نہیں ہوتی رہی، کیا مداخلت نہیں ہورہی۔قمرلزمان کائرہ نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ اب مزید تجربے کی ضرورت نہیں،جس دن ہمارے پاس عدد اکثریت ہوئی ہم بہاولپر صوبہ بنادیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ فاشزم کا بہترین شاہکار یہ حکومت ہے،یہ ملک میں تشدد کو فروغ دینا چاہتے ہیں اللہ کرے ہم اس سے بچ جائیں، کوئی ایسا راستہ اختیار نہیں کریں گے جو ملک کے مفاد میں نہ ہو، پنڈی والوں کو بھی سوچنا ہوگا کہ طاقت کے زور پر عزت نہیں کرائی جاسکتی۔پی پی رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ حکومت کوشش کرے گی کہ ہمارے درمیان دراڑ آئے، حکومت کی پریشانی انکے چہرے پر اڑی ہوائیوں سے ظاہر ہے۔