Live Updates

} جعلی مردم شماری کے نتائج کو عوام نے مسترد کر دیا، الطاف شکور

اتوار 3 جنوری 2021 19:30

3!کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 جنوری2021ء) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین الطاف شکور نے کہا ہے کہ جعلی مردم شماری کے نتائج کو عوام نے مسترد کر دیا ہے جبکہ وزیر اعظم پاکستان اور وفاقی کابینہ نے جعلی نتائج کی منظوری دے کر کراچی کے عوام کو برسوں سے لگتے رہنے والے زخموں کو ایک بار پھر بری طرح کرید دیا ہے۔ مردم شماری کے درست اعدادو شمار کراچی کے مسائل حل کرنے کے لئے ضروری ہیں۔

غلط اعدادو شمار کی وجہ سے شہریوں کو پانی، علاج و معالجہ، تعلیم، روزگار، سڑکیں، ٹرانسپورٹ و دیگر سہولیات مطلوبہ مقدار میں نہیں مل پاتی ہیں جس کا فائدہ ما فیاز اٹھاتی ہیں اور کرپشن کو فروغ ملتا ہے۔ یہ وہی کراچی ہے جس نے تحریک انصاف کو قومی کی چودہ اور صوبائی کی اٹھائیس سیٹیں دیں لیکن وزیر اعظم نے کراچی کو اس کے بدلہ ظالمانہ کوٹہ سسٹم کا غیر معینہ مدت کے لئے نفاذ اور ناانصافی اور دھاندلی پر مبنی مردم شماری کے جعلی نتائج کو درست تسلیم کر نے کا تحفہ دیا۔

(جاری ہے)

کراچی کے عوام کو دھوکا دینے والے کس منہ سے حقوق کراچی کی بات کرتے ہیں کراچی کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو وطن واپس لانا ہوگا۔اپنی بیٹی کو بھلا نہیں سکتے نا ہی غیروں کی قید میں رہنے دیں گے اسکی وطن واپسی کے بھرپور تحریک چلائیں گے۔ وہ پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے زیر اہتمام وفاقی کابینہ کی جانب سے جعلی مردم شماری کے متنازعہ نتائج کو تسلیم کئے جانے کے خلاف کراچی پریس کلب پر ہونے والی علامتی بھوک ہڑتال اور سیٹی بجاؤ مظاہرہ کے شرکاء سے خطاب کر رہے تھے۔

اس موقعہ پر ان کے ہمراہ بلدیاتی کمیٹی کے رکن سردار ذوالفقار، ایگزیکٹو کونسل کے ممبران حامد صدیقی، خالد صدیقی ایڈووکیٹ،زاہد جمیل، اکرم آگریا، غلام سرور غازی، کلیم اللہ ملک،میاں ریاض، لیاقت علی، عبدالرشید، رمضان کاکڑ، زمان خان انقلابی اورعبدالرشید بھی موجود تھے۔ پاسبان رہنماؤں نے کہا کہ بانی پاکستان کے شہر کو انہی جیسے بے لوث مخلص اور باصلاحیت قیادت فراہم کرنے کی تحریک شروع کی ہے۔

کراچی کا حق کسی کو کھانے دینگے نا نمائندگی کا حق چھیننے دیں گے۔کراچی کے عوام کی محرومیوں کی جنگ عدالت اور سڑکوں پر لڑیں گے۔کراچی کی رونقیں بحال کریں گے۔ کاروبار اور شہریوں کو تحفظ دے کر دنیا کے ترقی یافتہ شہروں کی صف اول میں لائیں گے۔کراچی کی ترقی سے نہ صرف پورا سندھ بلکہ پورا ملک فیض یاب ہوگا۔ عوام دیہات کے وڈیروں اور شہر کے لٹیروں کا ایندھن نہ بنیں۔

ملک کی ترقی کے شہری دیہی کی نفرت ختم کرنا ہوگی۔ سیاست دان اپنی ہوس اقتدار کی خاطر شہری کو باہم متصادم کررہے ہیں۔ پاسبان انسانیت میں محبت پیدا کرنے اور انکے حقوق کے لئے میدان سیاست میں اتری ہے۔ مفاد پرستوں سیاست دانوں کے مقابلے میں بے لوث خدمت کرنے والے گھر بیٹھنے کی بجائے میدان میں نکلیں ملک کو انکی اشد ضرورت ہے۔ وفاقی و صوبائی حکومتوں نے کراچی کی جانب سے آنکھیں پھیر کر اسے لاوارث چھوڑ دیا ہے۔

ابلتے گٹر، ٹوٹی پھوٹی سڑکیں،تباہ حال انفرا اسٹرکچر،صحت و صفائی کی ناقص صورتحال اورڈھکوسلہ سرکلر ریلوے کے نام پر عوام کو دیا جانے والا دھوکہ، کوٹہ سسٹم کے نام پر نوجوانوں سے چھین لئے جانے والے تعلیم اور روزگار کے مواقع وفاقی وصوبائی حکومتوں کی بے حسی کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ کوٹہ سسٹم کے غیر معینہ نفاذ اور اب جعلی مردم شماری کی منظوری کے بعد ثابت ہو گیا ہے کہ ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی کے بعد پی ٹی آئی بھی کراچی کے ساتھ مخلص نہیں ہے۔

پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی ہمیشہ سے ہر ظلم کے خلاف آواز بلند کرتی رہی ہے اور اب بھی کوٹہ سسٹم اور مردم شماری جیسی دھاندلی پر چپ نہیں رہے گی۔ کراچی پاکستان کی محصولات کا انجن اور معاشی حب ہے جس نے ملک کی معاشی نمو میں اہم کر دار ادا کیا ہے۔ کراچی کی عوام کو ان کے حقوق دلانے کے لئے پاسبان ایک بار پھر بھرپور احتجاج کرے گی۔ الطاف شکور نے مطالبہ کیا کہ کراچی کی مردم شماری دوبارہ کی جائے اور اصل مردم شماری کے مطابق کراچی کی حلقہ بندیاں کی جائیں۔

پی ڈی پی کی علامتی بھوک ہڑتال اور احتجاجی مظاہرہ سے سینیئر رہنما امداد حسین، لیاری کے فضل ربی خان، جاوید اقبال، عارف جلب، امجد بلوچ، اعجاز بلاچ، اللہ دوست، کورنگی کے جنرل سیکریٹری عمیر صدیقی، نائب صدر زبیر، رابطہ سیکریٹری نورالامین، گارڈن زون کے صدر حمزہ ملک اعوان، فصیح، سکندر ارباب، ویسٹ کے سینیئر نائب صدر سجاول مروت، جنرل سیکریٹری عمر بادشاہ، آرگنائزر بلدیہ ٹاؤن عمر عباسی، صدر یوتھ ونگ شاہد عباسی، پی ایس 115 اور116 کے جنرل سیکریٹری شاہد اقبال، تنویر حسین اور صدور حبیب شاہ اور اسد علی، گذری کے صدر شہباز مغل عرف شاکا، کیماڑی کے صدر طاہر شاہ، نیوکراچی کے صدر رضوان الحق، نائب صدر آصف بخش، نارتھ کراچی کے صدر اسلم ملک، لیاقت ٓباد کے صدر آصف،سہراب گوٹھ کے صدر سعیداللہ سعید، مطلوب خان نے بھی خطاب کیا۔

الطاف شکور کی قیادت میں کراچی پریس کلب کے باہر شرکاء نے ہاتھ اٹھا کر عہد کیا کہ اب ہر ظلم کے خلاف سیٹی بجے گی۔ کراچی سے یہ سلسلہ ملک بھر کے گلی کوچوں، شہر شہر کے چوکوں اور پریس کلبوں تک پہنچے گا اور پاسبان کی قیادت میں مظلوم ہر جگہ، سیٹیاں بجاؤ مہم کا حصہ بنیں گی
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات