پیپلز پارٹی اپنے نظریات کو آگے بڑھاتی رہے گی،بلاو ل بھٹو زر داری کا شہید سلمان تاثیر کو ان کی 10 ویں یوم شہادت پر خراج عقیدت

پیر 4 جنوری 2021 14:52

پیپلز پارٹی اپنے نظریات کو آگے بڑھاتی رہے گی،بلاو ل بھٹو زر داری کا ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جنوری2021ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاو ل بھٹو زر داری نے سابق گورنرِ پنجاب شہید سلمان تاثیر کو ان کی 10 ویں یوم شہادت پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اپنے نظریات کو آگے بڑھاتی رہے گی۔ اپنے بیان میں انہوںنے کہاکہ شہید سلمان تاثیر انتہا پسندی کے خلاف چٹان کی طرح کھڑے رہے،انہوں نے سماج کے کمزور طبقات کی حفاظت کرتے ہوئے اپنی جان قربان کر دی۔

انہوںنے کہاکہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ یکساں حقوق اور بے آواز و پسماندہ شہریوں کے تحفظ کے لئے جدوجہد کی ہے۔ انہوںنے کہاکہ پیپلز پارٹی نے مساوات، جمہوریت اور قانون کی حکمرانی کے کاز کی خاطر بہت بھگتا اور قربانیاں دی ہیں۔ انہوںنے کہاکہ ہم ملک میں مذہب، ذات پات، لسانیت یا نسل کی بنیاد پر کسی بھی قانون کے غلط استعمال کے خلاف ہیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے اپنی تمام زندگی جمہوریت و رواداری کے لئے جدوجہد کی۔

انہوںنے کہاکہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کو ملک کے بانی اجداد کے نظریئے کی پیروی کرنے کی پاداش میں شہید کردیا گیا،پیپلز پارٹی اپنے نظریات کو آگے بڑھاتی رہے گی۔ انہوںنے کہاکہ وہ نظریہ جس کی خاطر شہید محترمہ بینظیر بھٹو، شہید سلمان تاثیر، شہید شہباز بھٹی اور دیگر ہزاروں لوگوں نے قربانیاں دیں۔بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ ان کی قربانیاں پاکستان کو ایک مساوات، جمہوری اور مسلم ورلڈ کا ایک رول ماڈل ملک بنانے کیلئے تھیں۔