لکی مروت، پی ڈی ایم کے 6جنوری کو بنوں میں جلسے میں بھرپور شرکت اور کامیاب بنانے کے لئے تیاریاں تیز

پیر 4 جنوری 2021 19:15

لکی مروت(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 جنوری2021ء) اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک ( پی ڈی ایم) میں شامل جماعتوں نے 6جنوری کو بنوں میں جلسے میں بھرپور شرکت اور اسے کامیاب بنانے کے لئے تیاریاں تیز کردیں۔ سیاسی جماعتوں نے کارنرمیٹنگز میں کارکنوں کو ہدایات جاری کرنے کے ساتھ ساتھ مقامی رہنمائوں کو ذمہ داریاں تفویض کردی ہیں، عوامی نیشنل پارٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ کارکن صوبائی رہنما ملک ریاض کے حجرے میں جمع ہوں گے جہاں سے ریلی کی شکل میں بنوں روانگی ہوگی ، ادھر جے یو آئی کا کہنا ہے کہ لکی مروت سے پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کے کارکن قائد جمعیت مولانا فضل الرحمن کی قیادت میں بنوں مظاہرے میں شرکت کریں گے۔

(جاری ہے)

ضلعی امیر مولانا عبدالرحیم کی زیر صدارت ایک اجلاس میں جے یو آئی کے جنرل سیکرٹری مولانا سمیع اللہ مجاہد،اے این پی صدرملک علی سرور خان،ایم پی اے حاجی انورحیات خان،پاکستان پیپلز پارٹی کے صدراقبال حسین ایڈووکیٹ ،پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صدرقریب اللہ خان،قومی وطن پارٹی کے امیرزادہ خٹک،سابق تحصیل ناظم نورنگ مولانا اعزازاللہ اور جے یو آئی کے دیگر رہنمائوں نے شرکت کی اجلاس میں پی ڈی ایم جلسے کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا اور کہا گیا کہ قائد جمعیت و پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمان 6 جنوری بروز بروز بدھ ڈی آئی خان سے بڑے قافلے کی قیادت کرتے ہوئے بنوں پہنچیں گے جہاں وہ بنوں سپورٹس کمپلیکس میں پی ڈی ایم کے زیر اہتمام جلسہ عام سے خطاب کرینگے جلسہ عام سے مریم نواز شریف ِیوسف رضا گیلانیِ آفتاب احمد خان شیرپاؤِ امیر حیدر خان اور محمود خان اچکزئی بھی خطاب کرینگے