کراچی ، وزیراعلیٰ ہاؤس میں شہید ذوالفقار علی بھٹو سالگرہ کے موقع پراستقبالیہ تقریب

بلاول بھٹو زرداری نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شہید ذوالفقار علی بھٹو کی 93 ویں سالگرہ کا کیک کاٹا

منگل 5 جنوری 2021 22:50

کراچی ، وزیراعلیٰ ہاؤس میں شہید ذوالفقار علی بھٹو سالگرہ کے موقع پراستقبالیہ ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 جنوری2021ء) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے منگل کی شام وزیراعلیٰ ہاؤس میں پی پی پی کے بانی رہنما شہید ذوالفقار علی بھٹو کی 93 ویں یوم پیدائش کے موقع پر ایک استقبالیہ تقریب کی میزبانی کی۔چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شہید ذوالفقار علی بھٹو کی 93 ویں سالگرہ کا کیک کاٹا،تقریب میں شرکائ نے جیئے بھٹو کے نعرے لگائے۔

اس موقع پر ایم این اے فریال تالپور ، سابق وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ ، اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی ، تمام صوبائی وزرائ ، ایم پی ایز ، صوبائی مشیر، معاونین خصوصی اور پارٹی قائدین نے شرکت کی۔اس موقع پر چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی رہنماؤں بالخصوص وزرا ئ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ شہید بھٹو کے مشن کو آگے بڑھاتے ہوئے صوبے کے غریب عوام کی خدمت کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو مسلم دنیا کے ایک عظیم رہنما تھے جو مظلوم اقوام اور بین الاقوامی محاذ پر متحد مسلم اقوام کی آواز بنے اور ملک کے مظلوم عوام کو شعور دیا۔وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہید بھٹو کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہید بھٹو نے ملک کے غریب عوام کی خدمت کے لئے ایک پارٹی کی بنیاد رکھی تھی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کی خدمات کو ہمیشہ سنہرے الفاظ میں یاد رکھیں گے۔