منگھوپیر اور شاہ لطیف ٹاؤن میں ٹریفک حادثات ،2 افراد جاںبحق

منگل 5 جنوری 2021 23:58

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 جنوری2021ء) منگھوپیر اور شاہ لطیف ٹاؤن کے علاقوں میں ٹریفک حادثات کے نتیجے میں 2 افراد جاںبحق ہوگئے،جبکہ منزل پمپ ،نیوکراچی اور بلدیہ ٹاؤن سے ذہنی مریض نوجوان سمیت 4 افراد کی لاشیں ندی ومختلف مقامات سے برآمد ہوئیں۔ تفصیلات کے مطابق منگھو پیر کے علاقے نادرن بائی پاس پر ونگی گوٹھ کے قریب سڑک عبور کرنے والے 40سالہ راہگیر کو تیز رفتار گاڑی نے کچل دیا ،متوفی کی لاش عباسی اسپتال پہنچائی گئی جہاں اس کی شناخت برکت علی ولد غلام علی کے نام سے کرلی گئی ،پولیس کے مطابق متوفی ونگی گوٹھ کار ہائشی تھا۔

شاہ لطیف ٹاؤن کے علاقے مین نیشنل ہائی وے منزل پمپ کے قریب موٹر سائیکل سوار کو تیزرفتار ڈمپر نے کچل دیا متوفی کی لاش جناح اسپتال پہنچائی گئی ،پولیس کے مطابق متوفی کی عمر 35سال کے قریب ہے،فوری طور پر متوفی کی شناخت نہیں ہوسکی،پولیس نے کارروائی کے بعد لاش کو ورثاء شناخت کیلئے ایدھی سردخانے میں رکھوا دی ہے۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیںشاہ لطیف ٹاؤ ن تھانے کی حدود منزل پمپ کے قریب واقع لانڈھی ندی سے ایک نوجوان کی 2روزپرانی ڈوبی ہوئی لاش ملی،جسے پولیس نے جناح اسپتال منتقل کی،جہاں متوفی کی شناخت 20 سالہ اللہ رکھا ولد عبدالغفور کے نام سے کر لی گئی متوفی کھوئی گوٹھ کا رہائشی تھا ، متوفی کا ذہنی تواز درست نہیں تھا اور گزشتہ2 روز سے گھر سے لا پتہ تھا اورآج متوفی کی ندی سے ڈوبی ہوئی لاش ملی ہے پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد متوفی کی لاش ورثاء کے حوالے کردی۔

اسی تھانے کی حدود لانڈھی منزل پمپ کے قریب سے بھی 30سالہ نوجوان کی لاش کی اطلاع پرپولیس موقع پرپہنچی اور لاش پوسٹ مارٹم کیلئے جناح اسپتال پہنچائی ،پولیس کے مطابق متوفی کی فوری طور شناخت نہیں ہوسکی ،تاہم پوسٹ مارٹم رپوٹ کے آنے پر ہی وجہ موت کا تعین ہوسکے گا ،پولیس کا کہنا ہے متوفی کے جسم پر بھی کوئی تشددکے نشان موجود نہیں ،پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش میں موت طبعی معلوم ہوتی ہے،پولیس نے کارروائی کے بعد لاش کو ورثاء شناخت کیلئے ایدھی سردخانے منتقل کردی۔

نیوکراچی صنعتی ایریا تھا نے کی حدود خمیسوگوٹھ ٹنکی گراؤنڈ کے قریب سے ایک شخص کی لاش ملی ہے جوکہ پراسرارطور پرہلاک ہوا متوفی کی لاش عباسی شہید اسپتال منتقل کردی گئی متوفی کی فوری طور پرشناخت ممکن نہیں ہوسکی ،پولیس کا کہنا ہے کہ متوفی نشے کا عادی تھا اور نشے کی زیادتی کے باعث اس کی موت واقع ہوئی ہے پولیس نے کارروائی کے بعد متوفی کی لاش سرد خانے منتقل کردی۔

سائٹ بی تھانے کی حدود بلدیہ رشیدآباد سے ایک شخص کی لاش ملی ہے اطلاع ملنے پر پولیس موقع پرپہنچ گئی اورلاش کو سول اسپتال منتقل کی،جہاں متوفی کی شناخت 37 سالہ محمد خالد خان جدون ولد محمد عارف جدون کے نام سے کر لی گئی متوفی حاجی قاسم کالونی بلدیہ ٹاؤن کا رہائشی اور اس کا آبائی تعلق ایبٹ آباد سے تھا، متوفی نشے کا عادی تھا اورنشے کی زیادتی کے باعث اس کی موت واقع ہوئی پولیس نے کارروائی کے بعد لاش ورثا ء کے حوالے کردی